قانون تجارت کی خلاف ورزی، سعودی اور پاکستانی پر جرمانہ
قانون تجارت کی خلاف ورزی، سعودی اور پاکستانی پر جرمانہ
جمعہ 14 فروری 2020 20:00
’ عدالت نے زکوٰة ٹیکس اور فیس کی وصولی کا بھی حکم دیا ہے۔فوٹو: اخبار24
سعودی عرب کے قانون تجارت نے غیر ملکیوں اور سعودی شہریوں پر یہ پابندی عائد کر رکھی ہے کہ کوئی بھی غیر ملکی کسی سعودی کے نام سے نجی کاروبار نہیں کر سکتا اور نہ ہی سعودی شہری قانوناً کسی غیر ملکی کو ایسا کرنے کی اجازت دے سکتا ہے۔
ایسا کرنے پر سعودی شہری اور غیر ملکی دونوں کا احتساب کیا جاتا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے قصیم ریجن کے دارالحکومت بریدہ میں ایک پاکستانی شہری کو سعودی شہری کے نام سے کھجوروں کا کاروبار کرنے اور سعودی شہری کو اس کی اجازت دینے پر دونوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے۔
وزارت تجارت کے مطابق پاکستانی اور سعودی شہریوں کے خلاف قانون تجارت کی خلاف ورزی کا الزام ثابت ہونے پر معاملہ فوجداری عدالت کو بھیج دیا گیا تھا۔
عدالت نے دونوں پر جرمانہ عائد کر دیا جبکہ پاکستانی کو مملکت سے بے دخل کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔
ساتھ ہی ساتھ یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ آئندہ یہ پاکستانی شہری اس کاروبار کے حوالے سے سعودی عرب واپس نہیں آسکتا۔
وزارت تجارت نے واضح کیا ہے کہ ’عدالت نے زکوٰة ٹیکس اور فیس کی وصولی کا بھی حکم دیا ہے۔ پاکستانی اور سعودی دونوں کی تشہیر کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ دونوں کی تشہیر مقامی اخبار میں خود ان کے خرچ پر ہوگی۔‘