قافلے میں شامل چھ یمنی اہلکار ہلاک ہو گئے (فوٹو: العربیہ)
یمن کے وزیر دفاع بدھ کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں بچ گئے تاہم ان کے قافلے میں شامل چھ یمنی اہلکار ہلاک ہو گئے ۔
حکومتی ذرائع نے یمنی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے وزیر دفاع محمد المقدشی صرواح کمشنری کا دورہ کر رہے تھے۔ یہ حکومت کے زیر قبضہ شہر معاریب کے مغرب میں اور دارالحکومت صنعا کے مشرق میں واقع ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو دو سرکاری عہدے داروں نے بتایا کہ ’ وزیر دفاع کا قافلہ سڑک میں نصب دھماکہ خیز مواد کی زد میں آگیا جس سے چھ یمنی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔‘
عاجل نیوز کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں میجر حمزہ علی ،لیفٹننٹ صالح عبدالقوی،لیفٹننٹ ھیثم منصر، میجر احمد صالح، سپاہی عبدالکریم علی اور سپاہی عمر الجشوش شامل ہیں۔‘