Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں سعودائزیشن کی 447 خلاف ورزیاں

تفتیشی ٹیموں میں مختلف اداروں کے اہلکار شامل ہیں ( فوٹو: سوشل میڈیا)
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے مکہ ریجن میں ایک ہفتے کے دوران سعودائزیشن کی خلاف ورزیوں پر447 چالان کیے گئے۔
تفتیشی کمیٹی نے سعودائزیشن کے قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے شہر کی مختلف مارکیٹوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ مقامی روزنامہ ’المدینہ ‘ کے مطابق تفتیشی ٹیمیں وزارت افرادی قوت، پولیس، وزارت تجارت اور بلدیہ کے اہلکاروں پر مشتمل ہیں جو مسلسل مارکیٹوں میں تفتیشی کارروائیاں کرتی ہیں۔

امور صحت کے شعبے میں سعودائزیشن کا مرحلہ وار عمل جاری ہے ( فوٹو: سوشل میڈیا)

وزارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودائزیشن کے قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب غیر ملکیوں اور مقامی شہریوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ تفتیشی ٹیموں نے مکہ کی مختلف مارکیٹوں میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران 2 ہزار 659 دورے کیے تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ مقررہ شعبے جو سعودیوں کے لیے مخصوص ہیں ان پر غیر ملکی تو ملازمت نہیں کر رہے۔
اس ضمن میں وزارت کی جانب سے ٹول فری نمبر 19911 جاری کیا گیا ہے جس پر خلاف ورزیوں کے بارے میں اطلاع فراہم کی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں مقامی باشندوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں روزگار فراہم کرنے کے لیے گذشتہ کئی برسوں سے سعودائزیشن کا قانون مرتب کیا گیا ہے جس پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
سعودائزیشن کے قانون پر گذشتہ چند برسوں سے سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ گذشتہ برس سے موبائل مارکیٹ میں سو فیصد سعودائزیشن کی جا چکی ہے۔

موبائل مارکیٹ میں 100 فیصد سعودائزیشن کی جا چکی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

رواں سال رینٹ اے کار کے شعبے میں سعودائزیشن کےعمل کو مکمل کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل گارمنٹس اورمالز کے سپر سٹورز میں سعودائزیشن لازمی کی جا چکی ہے۔
امور صحت کے شعبہ میں بھی تیزی سے سعودائزیشن کے عمل کو مکمل کیا جا رہا ہے۔ فارمیسیز میں سعودائزیشن کا ہدف مقررکیا جا چکا ہے جبکہ دندان سازی کے شعبے کے لیے بھی ڈیڈ لائن جاری کر دی گئی ہے۔
وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ ملک میں مرحلہ وار تمام شعبوں میں لازمی سعودائزیشن کے عمل کو مکمل کیا جائے گا جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔

شیئر: