دونوں ایشیائی باشندے عادی مجرم بتائے گئے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
دبئی پولیس کے ماتحت جرائم کا سراغ لگانے والے ادارے نے ریکارڈ وقت میں سکیورٹی آپریشن کرکے ایک ارب 239 ملین 24 ہزار 450 درہم مالیت کی جعلی گھڑیاں ضبط کرلیں۔
واردات میں ملوث دو ایشیائی باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ دونوں عادی مجرم بتائے گئے ہیں۔
اماراتی اخبار البیان کے مطابق دبئی پولیس میں جرائم کا سراغ لگانے والے ادارے کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمال سالم الجلاف نے بتایا ’سراغ رسانوں نے پیشہ ورانہ طریقے سے سکیورٹی آپریشن کیا۔ مقامی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور سیاحت کے لیے آنے والوں کو جعلی گھڑیوں کے جھانسے میں پھنسنے سے بچا لیا۔‘
بریگیڈیئر جمال سالم الجلاف کے مطابق متعدد سرکاری اور نجی اداروں کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ہمارے سراغ رسانوں کو کامیابی ملی ہے۔ مالیاتی جرائم کے انسداد کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی جسے جعلی مصنوعات کے کاروبار کو روکنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔
اس دوران جعلی سامان ذخیرہ کرنے اور جعلی اشیا چھپانے والے ایک ٹھکانے اور دو ایشیائی شہریوں کی بھی نشاندہی کی جو جعلی اشیا کے دھندے میں پہل سے ملوث ہیں۔ دو فلیٹس کا بھی پتہ لگایا گیا جہاں جعلی سامان ذخیرہ کیا جارہا تھا۔
بریگیڈیئر جمال سالم الجلاف نے مزید کہا ’ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ مبینہ فلیٹس پر چھاپہ مار کر تلاشی لی گئی جہاں سے 29 ہزار 217 جعلی گھڑیاں برآمد ہوئیں۔ ان گھڑیوں پر بین الاقوامی تجارتی مارکے چسپاں تھے۔‘
مالیاتی جرائم کے انسداد کے ادارے کے ڈائریکٹر کرنل صلاح بو عصیبہ نے بتایا ’دبئی میں جعلی تجارتی مارکے بنانے والی کوئی فیکٹری نہیں ہے۔ گزشتہ چار برسوں کے دوران دبئی میں جعلی سامان کے 2402 معاملات ریکارڈ کیے گئے۔ ان کی مجموعی قیمت 6 ارب 759ملین اور 6لاکھ 90 ہزار 139درہم ہے۔‘