واردات میں 1.9ملین ریال لوٹ لئے گئے تھے(فوٹو عرب نیوز)
سعودی پولیس نے بینک ڈکیتی کے چار میں سے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض میں بینک کی کیش وین کو لوٹنے والے چار افراد میں سے دو مشتبہ افراد کو گزشتہ روز پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
ریاض پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل شاکر التویجری نے ہتایا ہے کہ گزشتہ سال 13دسمبرکو یہ واردات ہوئی تھی۔
اس واردات میں 1.9ملین ریال لوٹ لئے گئے تھے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریاض کے الشفاعلاقے میں ابن تیمیا روڈ پر موجود نیشنل کمرشل بینک سے ایک کیش وین بھاری کیش لے کر نکل رہی تھی۔ ڈاکووں نے اس کا پیچھا کیا۔
ڈاکووں کے اس گروہ نے 2 دسمبر کو ایک گاڑی چوری کی تھی اور اس پر چوری شدہ کار کی نمبر پلیٹ نصب تھی جس پر یہ واردات کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈاکووں نے کیش وین میں موجود سیکیورٹی گارڈ کو پستول سے زخمی کیا اور 1.9ملین ریال(520.000ڈالر) لوٹ لئے تھے۔
شاکر التویجری نے بتایا کہ اس جرم کی تفتیش کے لیے تشکیل دی گئی ٹیم کی تحقیق کرنے پر اس واردات میں شامل چار افراد میں سے دو سعودی عرب سے فرار ہو چکے ہیں جبکہ واردات کا سرغنہ اور اس کا ایک ساتھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ دونوں افراد عمر کے لحاظ سے تیس کی دہائی میں ہیں۔تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ان دو ملزمان نے ریاض کے قریب البدیہ کے علاقے میں 6 دسمبر 2019کوڈھائی لاکھ ریال کی چوری بھی کی تھی۔
ریاض پولیس دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں