بیشہ.... پولیس پارٹی نے پیٹرول اسٹیشن میں نصب اے ٹی ایم میں نقب لگانے کی کوشش کرنے والے مقامی شہری کو گرفتار کر لیا ۔ سبق نیوز کے مطابق بیشہ کمشنری میں شاہراہ پر معمول کی پولیس پیٹرولنگ پارٹی نے دیکھا کہ ایک شخص پیٹرول پمپ پر نصب نجی بینک کی اے ٹی ایم مشین پر کافی دیر سے کھڑا ہے ۔ مشکوک شخص نے اپنی گاڑی اس انداز میں کھڑی کی تھی کہ بینک کی اے ٹی ایم کو واضح طور پر نہیں دیکھا جاسکتا تھا ۔ پولیس اہلکاروں کو اس شخص کی مشکوک حرکت دیکھ کر شک ہوا جس پر اہلکار پولیس موبائل اے ٹی ایم کی جانب لے گئے ۔ پولیس کارکو دیکھ کر ملزم وہاں سے فرار ہو گیا جس پر اسکا تعاقب کرکے گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس اہلکار ملزم کو گرفتار کے اے ٹی ایم پر لائے جسے ملزم کھولنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے مشین کا اگلا حصہ توڑ دیا تھا جبکہ اس کا اندرونی فولادی حصہ توڑنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسے گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزم پر ڈکیتی کا مقدمہ درج کرکے اسے متعلقہ تھانے کے سپرد کر دیا گیا ۔