سوتنوں کی وٹس ایپ پر لڑائی، معاملہ عدالت تک پہنچ گیا
سوتنوں کی وٹس ایپ پر لڑائی، معاملہ عدالت تک پہنچ گیا
جمعرات 25 جولائی 2019 10:07
جھگڑے کی شروعات اس وقت ہوئی جب خاوند پہلی بیوی کے بجائے دوسری بیوی کی طرف چلا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
ٹیکنالوجی نے زمانے کو بدل کر رکھ دیا ہے اور لڑائی جھگڑے میں نئے وسائل کا استعمال بھی بڑھ چڑھ کر کیا جانے لگا ہے۔ اس کی ایک مثال سوتنوں کی واٹس ایپ پر ہونے والی لڑائی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں دو سوتنوں کے درمیان واٹس ایپ پر ہونے والے جھگڑے میں بات اس نہج تک پہنچ گئی کہ دونوں کو راس الخیمہ کی عدالت جانا پڑا۔
اخبار الامارات الیوم کے مطابق جھگڑے کی شروعات اس وقت ہوئی جب خاوند پہلی بیوی کے بجائے دوسری بیوی کے پاس چلا گیا۔ اس پر پہلی بیوی طیش میں آگئی اور اس نے اپنی سوتن کو سخت ترین جملے کہہ کر اپنے دل کی بھڑاس نکالی۔
پہلی بیوی نے اگلے روز اپنے شوہر کے موبائل سے دوسری بیوی کے بیڈ روم کی تصویر حاصل کر کے اپنی سوتن کو واٹس ایپ کر دی اوراس کے ساتھ پیغام بھی بھیج دیا۔ دوسری بیوی نے الزام لگایا کہ انہیں پہلی بیوی نے نازیبا پیغامات لکھ کر بھیجے۔
پہلی بیوی نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی سوتن کو برا بھلا کہا البتہ بیڈ روم کی تصویر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ الزام ہے جو قابل قبول نہیں۔ ’میں نے تصویر بیشک بھیجی لیکن خاوند کے موبائل سے لے کر نہیں بلکہ وہ تصویر کسی اور کی تھی۔ مجھے یہ تک نہیں پتہ کہ وہ کس کی ہے۔ واٹس ایپ پر تصاویرآئی تھیں اور میں نے یونہی بھیج دی تھیں۔‘
پہلی بیوی نے یہ بھی کہا ’مجھے میری سوتن نے گالیاں دی ہیں اور میرا فون تک توڑ دیا ہے۔ مجھے، میری ماں اور میرے بچوں کو ایسی باتیں کہیں جنہیں میں دہرا نہیں سکتی۔ شوہر نے سوتن کے کہنے پر مجھے میرے بچوں سمیت گھر سے نکال دیا ہے۔‘
عدالت نے دونوں خواتین کے بیانات سن کر اس معاملے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے کہ جھگڑے کی شروعات کس نے کیں اور اس کو بڑھاوا کس نے دیا۔ عدالت نے کہا ہے کہ فیصلہ آئندہ ہفتے سنایا جائے گا۔