کورونا کے پانچ نئے مریضوں کی تصدیق
پانچ نئے مریضوں کے بعد ملک میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 20 ہوگئی ہے ( فوٹو:اے ایف پی)
سعودی عرب میں کورونا کے پانچ نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد ملک میں مریضوں کل تعداد 20 ہوگئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’کورونا سے متاثرہ پانچ میں سے تین مریض ایران اور عراق سے واپس آئے تھے۔ تینوں مریضوں کو احتیاطی طور پر قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’لیبارٹری ٹیسٹ سے ان تینوں مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے اور وہ مشرقی ریجن کے ایک قرنطینہ سیٹر میں زیر علاج ہیں۔‘
چوتھا مریض سانس لینے میں دشواری محسوس کر رہا تھا اوروہ علاج کے لیے مشرقی ریجن کے ایک ہسپتال آیا جہاں ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ مذکورہ مریض سے میل جول رکھنے والوں کا بھی معائنہ کیا جا رہا ہے۔
وزارت صحت کے مطابق پانچواں مریض مصری تارک وطن ہے جو اپنے ملک سے سعودی عرب پہنچا تھا، اسے بھی سانس لینے میں دشواری محسوس ہو رہی تھی۔ لیبارٹری ٹیسٹ سے تصدیق ہوگئی کہ وہ بھی کورونا کا شکار ہے، اسے مکہ کے ایک قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا ہے۔‘
وزارت صحت نے تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ کورونا کے شکار ممالک میں قیام کر کے واپس آنے والے وزارت سے ضرور رجوع کیا جائے۔