ہائی وے پر احتیاطی تدبیر کی ہدایت کی گئی ہے (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں شہری دفاع اور ٹریفک پولیس کی جانب سے الباحہ ریجن میں متوقع خراب موسم کے پیش نظر ہائی وے پر سفر کرنے والوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کر نے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں الباحہ ریجن کے متعدد علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے جس سے بعض مقامات پر حد نگاہ صفر ہوگئی۔ ٹریفک پولیس کے خصوصی یونٹس نے شہر کی اہم شاہراہوں کا انتظام سنبھا ل لیا ہے۔
ویب نیوز سبق کے مطابق الباحہ ریجن کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ دھند اور بارش کا سلسلہ مزید چند دن جاری رہے گا۔ شدید دھند سے بعض مقامات پر لوگوں کو کافی دشواری کا سامنا ہوگا۔
موسمیات کے مطابق الباحہ شہر ، المندق کمشنری ، بلجرشی اور بنی حسن کی کمشنریوں میں بھی متعدد علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔
توقع ہے کہ بعض علاقوں میں حد نگاہ صفر تک ہو جائے گی جس سے ہائی وے پر سفر کرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دھند اور خراب موسم کے حوالے سے ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ’وہ افراد جو شاہراہوں پر سفر کرتے ہیں گاڑی کے وائپرز اور ہیزرڈ لائٹوں کا خصوصی خیال رکھیں۔‘
’ شدید دھند میں جب حد نگاہ صفر ہو جاتی ہے تو سامنے جانے والی گاڑی کو دیکھنا مشکل ہو جاتاہے اگر ہیزرڈ استعمال نہیں کیے جائیں تو تصادم کا خطرہ بڑھ جاتا ہے‘۔