مایا علی کی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں انہیں روتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
بہن کی شادی پر تو لوگوں کو روتے ہوئے دیکھا ہے لیکن کیا کوئی بھائی کی شادی پر بھی روتا ہے؟
ایسا شاید کم کم ہی ہوتا ہو مگر پاکستانی اداکارہ مایا علی کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو اور چند تصاویر میں اپنے بھائی کی شادی پر روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مایا علی نے اپنے انسٹاگرام پیج پر رونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ افسردہ تھیں کیونکہ خوشی کے اس موقعے پر ان کے مرحوم والد ان کے ساتھ موجود نہیں تھے۔
مایا علی نے اپنے والد کے لیے درد بھرا پیغام لکھا ہے کہ ’شادی ایک ایسا موقع ہے جب سب اکٹھے ہو کر خوشی مناتے ہیں، لیکن بابا آپ وہاں نہیں تھے، میں آپ کو ادھر اُدھر دیکھتی رہی مگر مجھے گلے لگانے کے لیے آپ وہاں نہیں تھے، میرے اردگرد آپ کے سوا سب تھے، خدا آپ کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔‘
اس کے علاوہ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بھی موجود ہے جس میں مایا علی آنسو بہاتے ہوئے نظر آ رہی ہیں اور ان کے عزیز و اقارب ان کے گرد جمع ہیں اور انہیں دلاسہ دے رہے ہیں۔