سعودی وزیر تجارت ماجد القصبی نے منگل کو اعلی عہدیدارں کےہمراہ مارکیٹوں کا دورہ کرکے اشیائے ضرورت کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ’نئے کورونا وائرس کے پیش نظر عوام میں ضرورت کی اشیا خریدنے کا بڑھتا ہوا رجحان دیکھ کر سامان کی قیمتیں بڑھانے یا سامان نہ ہونے کا بہانہ کرکے صارفین کو پریشان کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ایسے ہر تاجر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی‘۔
اخبار 24 اور عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزیر تجارت نے صارفین کو اطمینان دلایا ہے کہ سعودی عرب میں ضرورت کی تمام اشیا وافر مقدار میں موجود ہیں۔ گھبرانے کی کوئی بات نہیں۔ حد سے زیادہ اشیا خریدنے کے چکر میں نہ پڑیں۔ قیمتوں کی نگرانی چوبیس گھنٹے کی جارہی ہے۔
وزیر تجارت نے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ مارکیٹوں کا دورہ کیا۔ شمالی ریاض کی سبزی اور پھل منڈی بھی گئے۔ گوشت ، مرغیاں اور مچھلیاں فروخت کرنے والی دکانوں کا بھی دورہ کیا۔
ماجد القصبی نےمختلف بازاروں اور تجارتی مراکز میں ضرورت کی اشیا کی وافر مقدار میں موجودگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر تجارت نے کہا کہ ’تمام تجارتی ادارے اور ان کے ذمہ داران حکومت سے تعاون کررہے ہیں۔ ہر ایک قومی فرض کے احساس سے کام کررہا ہے‘۔
’ وزارت کی تفتیشی ٹیمیں مملکت کے مختلف علاقوں میں چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر ہیں۔ ہر پل کی رپورٹ دے رہی ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی تاجر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی‘۔
وزارت تجارت کے افسران مملکت کے تمام علاقوں میں اب تک 4 ہزار سے زیادہ مارکیٹوں کے تفتیشی دورے کرچکے ہیں۔
وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ ’کھانے پینے کی اشیا وافر مقدار میں موجود ہیں۔ نرخوں میں ٹھہراﺅ ہے۔ کسی کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں‘۔