Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلمی دنیا میں 'کہو نا پیار ہے' کے بعد اب 'کورونا پیار ہے'

ہیما مالنی کے ساتھ ششی کپور کی دس میں سے چھ فلمیں سپرہٹ رہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
کورونا وائرس نے دنیا بھر میں لوگوں کو ہر سطح پر متاثر کیا ہے، کیا وزیر اور کیا پیادہ سب کے سب تنہائی کے متلاشی یعنی سب کے پاس وقت ہی وقت اور خالی وقت میں انٹرٹینمنٹ کی سب سے زیادہ گنجائش ہوتی ہے، لیکن یہ ایسی وبا ہے جس نے انٹرٹینمنٹ کی دنیا کو بھی اسی قدر بلکہ اس سے کہیں زیادہ متاثر کیا ہے۔
انڈیا میں سنیما گھر بند کر دیے گئے ہیں، فلموں کی ریلیز موخر کی جا رہی ہے، شوٹنگ کی ری شیڈیولنگ ہو رہی ہے۔ لوکیشنز تبدیل کی جا رہی ہیں اور یوں لگتا ہے کہ بالی وڈ خاموش ہو گیا ہے۔ البتہ سوشل میڈیا پر گہما گہمی ضرور ہے۔
ایسی صورت حال میں کورونا کے نام پر فلم کے ٹائٹلز بھی رجسٹر کرائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں پہلا ٹائٹل ’کہو نا پیار ہے‘ کی طرز پر ’کورونا پیار ہے‘ رجسٹر کرایا گیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسرز کونسل نے کہا ہے کہ ایروز انٹرنیشنل نے ’کورونا پیار ہے‘ نام سے ایک فلم کا ٹائٹل رجسٹر کروایا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فلم میں سنہ 2000 میں ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم ’کہو نا پیار ہے‘ میں ایک وائرس کا ٹوئسٹ دیا جائے گا۔
لیکن سنہ 2000 میں ریلیز ہونے والی فلم کے ڈائریکٹر راکیش روشن کو یہ نقالی پسند نہیں آئی اور انھوں نے مڈ ڈے اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب دنیا اس مہلک وبا سے پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کی کوشش رہی ہے ایسے وقت اس طرح کی چیزیں ’حالات کا مذاق اڑانا ہے اور بچپنا ہے۔‘
دوسری جانب انڈین موشن پکچرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ان کے یہاں بھی کورونا کے حوالے سے ایک نام رجسٹر ہوا ہے اور وہ ’ڈیڈلی کورونا‘ہے۔
انڈیا میں گذشتہ کئی برسوں سے یہ ٹرینڈ دیکھنے میں آ رہا ہے کہ کوئی موضوع اگر بہت زیادہ طول پکڑتا ہے تو فلم والے اس کے حوالے سے فوراً سے پیشتر فلم بنانے سے گریز نہیں کرتے۔

ششی کپور سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شامل تھے (فوٹو: سوشل میڈیا)

چنانچہ اس قسم کی فلموں کے نام آپ نے سنے ضرور ہوں گے جو کہ وقتی ہوتے ہیں۔ جیسے ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘، ’پیڈ مین‘، ’کشمیر‘، ’ایل او سی‘، ’شکارا‘، ’مشن منگل‘ وغیرہ۔ اس کے علاوہ ’آرٹیکل 370‘ پر بھی کام جاری ہے۔
کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے 19 سے 31 مارچ تک ہر قسم کی شوٹنگ روک دی گئی ہے، خواہ وہ فلم کی ہو، ٹی وی کی یا پھر ویب سیریز کی۔
ایسے میں پروڈیوسرز گلڈ آف انڈیا نے روزانہ کی مزدوری پر کام کرنے والوں کے لیے ایک ریلیف فنڈ قائم کیا ہے تاکہ ان کام کرنے والوں کی دال روٹی چلتی رہے۔
انھوں نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے پوری فلم انڈسٹری سے تعاون کی بھی گزارش کی ہے۔
ایک اندازے کے مطابق بالی وڈ فلم انڈسٹری میں روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والے افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے۔
گذشتہ روز انڈیا کے رومانوی ہیرو ششی کپور کا یوم پیدائش تھا اور سوشل میڈیا پر لوگوں نے انھیں اپنے اپنے انداز میں یاد کیا۔ کسی نے ان کی تصویر پوسٹ کی تو کسی نے کسی اخبار میں ان پر شائع رپورٹ پیش کی۔
ششی کپور اپنے زمانے کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شامل تھے۔ ایک زمانے میں اگر وہ دیو آنند کے برابر معاوضہ لیتے تھے تو ایک زمانے میں وہ ونود کھنہ اور امیتابھ بچن سے بھی زیادہ معاوضہ وصول کرتے تھے۔

اکشے کمار اور کترینہ کیف کی فلم سوریاونشی کی ریلیز موخر ہو گئی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

وہ پرتھوی راج کپور کے تیسرے اور سب سے چھوٹے بیٹے تھے اور ان کی پیدائش 18 مارچ 1938 میں کلکتہ میں ہوئی۔ انھوں نے 1961 میں فلم ’دھرم پتر‘ سے مرکزی کردار ادا کرنا شروع کیا۔ ان کا چونکہ پورا خاندان ہی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھتا تھا اور ایک طرح سے راج کر رہا تھا تو ان کا فلموں میں آنا کوئی غیر متوقع بات نہیں تھی۔ وہ چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر فلم آگ اور آوارہ میں نظر آ چکے تھے۔
ششی کپور نے ایک سو سے زیادہ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور انھیں کئی گراں قدر ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ لیڈ رول کے علاوہ انھیں کئی اداکاروں کے ساتھ بہترین جوڑی بنانے کے لیے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی کئی یادگار فلمیں ہیں۔

فلم کہو نا پیار ہے کے نام کی طرز پر فلم کورونا پیار ہے رجسٹر کی گئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

ان کی فلموں میں ’جب جب پھول کھلے‘، ’شرمیلی‘، ’آ لگ جا گلے‘، ’کنیا دان‘، ’کبھی کبھی‘، ’ستیم شوم سندرم‘ اور ’چور مچائے شور‘ وغیرہ یادگار ہیں۔
ششی کپور انڈیا کے ان ابتدائی اداکاروں میں سے ہیں جنھوں نے بین الاقوامی سطح پر کام کیا۔
ششی کپور کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ وہ اپنی کسی ساتھی اداکارہ کے ساتھ مس فٹ نظر نہیں آئے۔ وہ ہیروئن کے ساتھ انتہائی پراثر کیمسٹری بناتے تھے۔ ان کی جوڑی راکھی کے ساتھ ہو یا پھر ریکھا کے ساتھ، شرمیلا ٹیگور کے ساتھ ہو یا زینت امان کے ساتھ، آشا پاریکھ کے ساتھ ہو یا پھر نندا کے ساتھ، ہیما مالنی کے ساتھ ہو یا پھر پروین بابی اور موسمی چیٹرجی کے ساتھ وہ سب کے ساتھ خوب جچے۔ انھوں نے ہیما مالنی کے ساتھ 10 فلمیں بنائیں جن میں سے چھ فلمیں ہٹ رہیں، ان میں ’ابھینیتری‘، ’ترشول‘ اور ’آندھی طوفان‘ شامل ہیں۔

شیئر: