Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے مریض کی خودکشی

ایئر پورٹ حکام نے کورونا کے ایک مشتبہ مریض کو ہسپتال میں داخل کرایا تھا (فوٹو: پی ٹی آئی)
انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کے ایک مشتبہ مریض نے ہسپتال کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ایئر پورٹ حکام کی جانب سے کورونا وائرس کے ایک مشتبہ مریض کو صفدر جنگ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کو فوری طور میں آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا۔
پولیس کے مطابق ایئر پورٹ حکام کی جانب سے ہسپتال میں لانے کے فوراً بعد ہی مشتبہ مریض نے خود کشی کر لی۔ 
واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ ’ہمیں اطلاع دی گئی تھی کہ اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے 35 سالہ کورونا وائرس کا ایک مشتبہ مریض لایا گیا ہے۔ رات نو بجے ان کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ جہاں مذکورہ فرد نے ہسپتال کی عمارت سے چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اس شخص کا تعلق انڈین پنجاب سے تھا اور وہ گذشتہ ایک برس سے سڈنی میں رہ رہا تھا۔
کورونا وائرس کا مشتبہ مریض ایئر انڈیا کی فلائٹ سے دہلی پہنچا تھا۔
ہسپتال کے ذرائع کے مطابق اس شخص کے خون کے نمونے لیے گئے تھے جنہیں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے بھیجا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مشتبہ مریض نے آئسولیشن وارڈ کا دروازہ کھولا اور ساتویں منزل سے چھلانگ لگا دی۔
انڈیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 169 ہوگئی ہے۔

مشتبہ مریض ایئر انڈیا کی فلائٹ سے دہلی پہنچا تھا (فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی)

کورونا کے مریضوں کی شناخت کے لیے منگل کو انڈین ریاست مہاراشٹر کی حکومت نے کہا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر ان لوگوں کے ہاتھوں پر سٹیمپ لگائے گی جن کو ان کے گھر کے قرنطینہ میں بھیجا گیا ہو۔
 حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اگر کوئی گھر میں بنائے ہوئے قرنطینہ کی خلاف ورزی کرتا ہے تو یہ قابل سزا جرم ہے اور ان کو سرکاری قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

شیئر: