بیشتر علاقوں میں موسم غیر مستحکم، نجران میں ژالہ باری
بیشتر علاقوں میں موسم غیر مستحکم، نجران میں ژالہ باری
جمعرات 19 مارچ 2020 21:03
آئندہ ہفتے مملکت کے کئی علاقوں میں سردی کی نئی لہر آئے گی۔ (فوٹوعاجل نیوز)
سعودی عرب کے بیشتر علاقو ں میں جمعرات کو موسم غیر مستحکم رہا۔ نجران، ریاض، باحہ او رمشرقی ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ نجران میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں گرد و غبار کے طوفان نے حد نگاہ محدود کردی۔
سعودی خبرساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جمعرات کو نجران شہر صوبے کی کمشنریوں اور تحصیلو ں میں موسلا دھار بارش کے بعد پورے علاقے کے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ماہر موسمیات ابو عبدالرحمن الحربش الصخری نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ ہفتے مملکت کے کئی علاقوں میں سردی کی نئی لہر آئے گی۔
ہفتے سےپیر کی صبح تک تبوک، الجوف ، حدود شمالیہ ، حائل، قصیم اور حفرالباطن میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی سردی کی لہر رہے گی۔
الصخری نے توجہ دلائی کہ 21مارچ کی شام سے لیکر 23مارچ تک سعودی عرب کے شمال مشرقی اور وسطی علاقو ں میں گرد و غبار کا طوفان آنے کا امکان ہے جبکہ جازان، عسیر، باحہ اور نجران میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ایک اور ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے مذکورہ توقعات کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت کے مغربی وسطی علاقوں میں درجہ حرارت تدریجی طور پر کم ہوگا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران ریاض، الشرقیہ، باحہ، عسیر ، جازان، مکہ مکرمہ ، نجران، قصیم، حدود شمالیہ، الجوف اور خلیجی ممالک میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش کا قوی امکان ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق باحہ محکمہ ٹریفک نے گاڑیوں کے مالکان سے اپیل کی کہ وہ انتہائی ضرورت کے تحت ہی شاہراہوں کا رخ کریں اور مبینہ شاہراہو ں سے سفر کے وقت ہزرٹ آن کرکے چلیں۔
جازان میں بیشتر مقامات پر موسلا دھار بارش کے بعد پہاڑی علاقو ں میں سیلاب کا سماں بن گیا۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے جاری بیان میں سعودی شہریوں او رمقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر میں لاپروائی سے کا م نہ لیں۔ بعض علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔
جازان کی مشرقی کمشنریوں خصوصاَ الدایر، ہروب ، حریث اور العارضہ میں موسلا دھار بارش کے بعدزبردست سیلاب آگیا۔ وادی پانی سے بھر گئیں۔
جازان میں بارش گرج چمک کے ساتھ ہوئی۔اس سے قبل گردو غبار کے طوفان نے حد نگاہ کو بے حد محدود کردیاتھا۔ ماہرین موسمیات نے توقع ظاہرکی ہے کہ جمعہ کو بھی یہاں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سے ملنے والی رپورٹوں سے پتہ چلا ہے کہ دونوں شہروں اور اطراف کے مقامات پر جمعرات کو گردو غبار کا طوفان چھایا رہا۔ سفر کرنے والوں کو بے حد دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ماہرین موسمیات نے پہلے ہی جمعرات کو ان مقامات پر گردو غبار کے طوفان کا امکان ظاہر کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ربع خالی اور عسیر میں بھی مختلف مقامات پر جمعرات کو بارش کا سلسلہ رہا۔