Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں 24 گھنٹوں میں 577 نئے کیسز، چار ہلاکتیں

پاکستان میں کورونا سے اب تک 54 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورنا وائرس سے اب تک کل چار ہزار چار افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ان میں سے 429 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
منگل کی صبح تک کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا کے 4,004 مریض زیرعلاج ہیں جبکہ 54 کی موت واقع ہو چکی ہے۔ 
گذشتہ 24 گھنٹوں میں 577 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ اس دوران چار ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
اس وقت 28 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اب تک  ملک میں 39,183 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 3,088 ٹیسٹ کیے گئے۔
آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے جہاں 2,004 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور 15 ہلاکتیں ہوئیں۔
پنجاب میں کورونا کے 25 مریض صحت یاب بھی ہوئے۔ 
سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ویڈیو پیغام کے ذریعے بتایا ہے کہ صوبے میں کورونا کے 986 کیسز ہیں جبکہ 309 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صوبے میں اب تک 18 افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ 

پاکستان میں کورونا متاثرین کے کل 3,864 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کو خراج تحسین پیش کیا اور دیگر ڈاکٹروں کی خدمات کو بھی سراہا۔ ڈاکٹر عبدالقادر الخدمت ہسپتال کراچی کے سربراہ تھے جہاں انہوں نے کورونا متاثرین کے لیے سپیشل وارڈ بنایا تھا۔ 28 مارچ کو ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور 31 مارچ کو پسپتال میں داخل کر دیے گئے تھے۔
مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ 396 مریض اپنے گھروں میں آئسولیشن میں ہیں جن کے ساتھ ڈاکٹر رابطے میں ہہں، جبکہ 206 مریض سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ڈاکٹرز کے لیے حفاظتی کٹس کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
خیبر پختونخوا میں وائرس کے کل متاثرین کی تعداد 500 بتائی جا رہی ہے جبکہ صوبے میں اب تک 17 ہلاکتیں ہوئی ہیں.
بلوچستان میں کل 202 افراد میں وائرس کی تصیق ہوئی ہے جبکہ 63 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔ صوبے میں کورونا سے اب تک ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ صوبے میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جاری لاک ڈاؤن کو مزید دو ہفتوں تک برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
21 مارچ کو حفاظتی اقدامات کے تحت کوئٹہ اور صوبے بھر میں شہریوں کی کسی بھی قسم کی نقل و حرکت، پبلک ٹرانسپورٹ، مذہبی و سماجی سمیت ہر قسم کی تقریبات پر پابندی عائد کی تھی، جو اب 21 اپریل تک برقرار رہیں گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 83 کیسز اب تک سامنے آچکے ہیں، جبکہ ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ تین مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ 

عالمی بینک نے پاکستان کو 20 کروڑ امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کل 18 کسیز سامنے آئے ہیں، ایک مریض صحت یاب ہوا ہے جب کہ کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔
گلگت بلتستان میں وائرس سے اب تک 211 افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے تین ہلاک اور 9 افراد صحت یاب ہوئے.
گزشتہ روز تبلیغی اجتماع میں شرکت کرنے والوں میں سے 20 ہزار کی نشاندہی کر کے اُنہیں قرنطینہ کیا گیا ہے، جبکہ ہزاروں دیگر کی تلاش جاری ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق  ایک لاکھ افراد نے رواں سال منعقد کیے جانے والے اجتماع میں شرکت کی۔
یاد رہے کہ عالمی بینک نے پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 20 کروڑ ڈالر ہنگامی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس امداد کا مقصد کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانا اور اس کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
اس رقم سے ایسے لوگوں تک خوارک بھی پہنچائی جائے گی جن کی موجودہ حالات کی وجہ سے نقل و حرکت محدود ہے۔

شیئر: