Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اُڑتی اُڑتی خبر ہے اور اُڑتی ہی رہے گی‘

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کے کافی عرصے سے چرچے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بالی وڈ کی مشہور فلمی جوڑی ہیں، دونوں سٹارز اکثر اپنی دوستی اور تعلق کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں۔
دونوں اکثر اکٹھے نظر آتے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان دونوں کے تعلقات کافی اچھے جا رہے ہیں اور اکثر دونوں کی شادی کی خبریں بھی میڈیا میں آتی رہتی ہیں۔
آج کل کوئی عالیہ اور رنبیر کی شادی کے مقام کا ذکر کر رہا ہے تو کوئی رواں برس دسمبر میں ان کی شادی کی تاریخ دے رہا ہے۔
عالیہ بھٹ نے اپنی اور رنبیر کپور کی شادی کے حوالے سے خبروں پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے حقیقت بیان کر دی ہے۔
عالیہ لندن میں اپنے دوست رنبیر کپور اور بہن شاہین بھٹ کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کے بعد حال ہی میں واپس انڈیا پہنچی ہیں۔
ایئر پورٹ پر صحافیوں نے جب رنبیر کپور سے شادی کے متعلق سوال کیا تو عالیہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ’کیا بتاؤں، بتا دیا اِن کو۔۔ میں نے آپ کو بولا تھا نا، اِتنی بات کی ہے ہم نے۔۔ سب کچھ ڈسکس کیا۔۔ اُڑتی اُڑتی خبر ہے اور وہ اُڑتی ہی رہے گی۔‘
انٹرٹینمنٹ ٹائمز (ای ٹی) سے اپنے اور رنبیر کپور کے تعلق پر بات کرتے ہوئے بالی وڈ کی شوخ اور چنچل اداکارہ نے کہا کہ ’یہ ریلیشن شپ نہیں ہے، یہ دوستی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں یہ بات پوری سچائی سے کہہ رہی ہوں۔ یہ خوب صورت ہے۔ میں آج کل تاروں اور بادلوں پر چل رہی ہوں۔ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ہم دو افراد ہیں جو اپنی بھرپور پیشہ وارانہ زندگی گزار رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ وہ صورت حال نہیں ہے جہاں آپ ہمیں ہمیشہ اکٹھے ہی دیکھیں، یہ اچھے تعلق کی نشانی بھی ہے۔‘
عالیہ نے مزید کہا کہ ‘نظر نہ لگے۔‘

کوئی دونوں کی شادی کا مقام بتا رہا ہے تو کوئی حتمی تاریخ دے رہا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

واضح رہے کہ فلم نقاد اور شوبز صحافی راجیو مساند نے دعویٰ کیا ہے کہ ’عالیہ اور رنبیر رواں سال دسمبر میں شادی کرنے جا رہے ہیں۔‘
صحافی کا کہنا ہے کہ ’دونوں نے شادی کی تاریخ قریباً طے کر لی ہے جس کا اعلان رواں سال کے آخر میں چار دسمبر کو فلم ’براہماسرا‘ کی ریلیز کے بعد کیا جائے گا۔‘
راجیو مساند نے یہ بھی کہا ہے کہ رنبیر اور عالیہ کے گھروں میں دسمبر میں ہونے والی شادی کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں، جبکہ دونوں کے رشتے داروں کو بھی شادی کے بارے میں اطلاع دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس اپریل میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ عالیہ نے اپنی شادی کا لہنگا بنوانے کے لیے ڈیزائنر سیبیا ساچی کو آرڈر دے دیا ہے۔

عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ وہ آج کل تاروں اور بادلوں پر چل رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اسی طرح جب گذشتہ برس رنبیر کے والد رشی کپور امریکہ میں ایک سال تک کینسر کا علاج کروانے کے بعد واپس آئے تھے تو اس وقت بھی کہا جا رہا تھا کہ رنبیر کپور جلد ہی شادی کرنے والے ہیں۔
دوسری جانب عالیہ بھٹ کی والدہ نے ان خبروں کو افواہیں کہہ کر رد کر دیا تھا۔

شیئر: