فارم میں بیمار مرغیوں کا گوشت فروخت کیا جاتا تھا(فوٹو، پکسابے)
بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے مکہ مکرمہ کے علاقے الراشدیہ کے غیر قانونی پولٹری فارم کو سیل کردیا۔ فارم میں بیمار مرغیوں کو ذبح کرکے فروخت کیاجاتاتھا۔
بلدیہ کی جانب سے فارم کے مالک کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ وہاں کام کرنے والے غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
مقامی ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق بلدیہ کے کنٹرول روم میں اطلاع ملی تھی کہ مکہ مکرمہ کے نواحی علاقے الراشدیہ کے ایک ریسٹ ہاوس میں غیر قانونی طور پرپولٹری فارم قائم کیا ہوا ہے۔
اطلاع دینے والے نے اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ فارم میں بیمار مرغیاں رکھی گئی ہیں جنہیں ذبح کر کے انکا گوشت مختلف ہوٹلوں میں سپلائی کرنے کے علاوہ دکانوں میں بھی فروخت کےلیے پہنچایاجاتا ہے۔
فارم کے بارے میں اطلاع ملتے ہی بلدیہ کی مخصوص ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہپنچ گئیں جنہوں نے غیر قانونی طور پر قائم کیے گئے پولٹری فارم کو سیل کردیا گیا جبکہ غیر قانونی طور پر فارم قائم کرنے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزمان کو متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا گیا۔
واضح رہے سعودی عرب میں روایتی طور پر زندہ مرغیاں فروخت کرنے کا رواج ختم ہو چکا ہے ۔ مرغیاں جدید ترین پولٹری فارم میں پالی جاتی ہیں جہاں انہیں طبی اصولوں کے مطابق تمام مراحل سے گزارنے کے بعد ذبح کرکے انکا گوشت محفوظ طریقے سے محفوظ کیا جاتا ہے۔
راویتی طریقے سے زندہ مرغیوں کی فروخت پر کافی عرصے پابندی عائد کی جاچکی ہے ایسا کرنے والے قانون شکنی کے زمرے میں آتے ہیں۔