Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گانا سڑکوں پر چلائیں تو لوگ باہر نہ نکلیں‘

طاہر شاہ نئے گانے کے لیے کئی روز سے تشہری مہم چلا رہے تھے (فوٹو: سکرین گریب)
آنکھوں سے آنکھوں‘ کے ذکر سے شہرت پانے والے طاہر شاہ نے اپنے مداحوں اور سوشل میڈیا کو طویل انتظار کرانے کے بعد نیا گانا ’فرشتے‘ ریلیز کیا تو اس نے سوشل میڈیا کی ٹرینڈز لسٹ پر قبضہ ہی جما لیا۔
گزشتہ کئی دونوں سے ’گانا آنے والا ہے، گانا کچھ ایسا ہو گا، گانا جلد آ رہا ہے‘ جیسے پیغامات کے ذریعے طاہر شاہ نے انٹرنیٹ صارفین کو انتظار کی جس کیفیت میں مبتلا کیا تھا وہ گزشتہ روز گانے کی ریلیز کے بعد ختم تو ہو گئی، لیکن ایک نئی بحث شروع کر گئی۔
کورونا وائرس کے بعد لاک ڈاؤن سے پیدا شدہ صورت حال میں دیگر مصروفیات کے متاثر ہونے اور گھروں تک محدود انٹرنیٹ صارفین کی اکثریت نے طاہر شاہ کا گانا ریلیز ہونے کے بعد سے اب تک نصف درجن سے زائد ٹرینڈز بنا کر ان کے ’فرشے‘ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
ویڈیو ویب سائٹ یوٹیوب پر جاری کردہ طاہر شاہ کے گانے کو چند گھنٹوں میں ایک لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھا جب کہ خود یوٹیوب ڈیٹا کے مطابق ویڈیو سائٹ پر ٹرینڈ کرنے والی ویڈیوز میں بھی یہ نمایاں ہے۔

طاہر شاہ اس سے قبل اپنے دو گانے ’آئی ٹو آئی‘ اور ’اینجل‘ لانچ کر چکے ہیں۔ ان کے موجودہ گانے ’فرشتے‘ کے متعلق گفتگو کرنے والے صارفین کا کہنا تھا کہ سنگر نے اپنے چار برس قبل پیش کردہ اپنی ہی برانے گانے کا اردو ترجمہ نئے گانے کے طور پر پیش کر دیا ہے۔

نئے پیش کردہ گانے پر طنزیہ تبصرے کرنے والوں نے اس پر ہونے والی گفتگو کا دائرہ مقامی سے بڑھا کر عالمی کر دیا۔ ایک یوٹیوب صارف نے اپنے تبصرے میں دعوی کیا کہ ’یو این سیکیورٹی کونسل نے تمام ملکوں کو ہدایت کی ہے کہ اس گانے کو شاہراؤں پر چلایا جائے تاکہ لوگ گھروں تک محدود رہیں۔‘

حمیزہ نامی صارف نے طاہر شاہ کی جانب سے نئے گانے کے اعلانات اور ریلیز کے بعد گانے سابقہ سنگل کا ترجمہ نکلنے کو اپنی گفتگو کا موضوع بنایا۔
انہوں نے طاہر شاہ اور آڈینس کے ایک فرضی مکالمے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ’بھائی مجھے مارو، نہیں یہ مذاق ہو رہا ہے۔‘

ڈیڈ چینل نامی ایک صارف نے اپنے تبصرے میں انکشاف کیا کہ انہوں نے طاہر شاہ کے گانے کو ’اپنے جاگنے کے لیے الارم کے طور پر سیٹ کیا لیکن وہ پہلے ہی جاگ گئے ہیں تاکہ اسے یقینی طور پر بند کر سکیں۔‘

یوں تو کھیل اور میوزک دو الگ الگ شعبے سمجھے جاتے ہیں لیکن طاہر شاہ کے گانے پر تبصرہ کرنے والوں نے میمز بنانے کی مشق کے دوران کھیل اور کاروبار سے متعلق شخصیات کے گانے پر فرضی تبصرے بھی اپنی گفتگو میں شامل کر لیے۔

گانے کی ریلیز کے بعد اس پر تبصروں کا سلسلہ پاکستانی صارفین تک ہی محدود نہیں رہا۔ انڈیا اور دیگر ملکوں میں مقیم سوشل میڈیا صارفین بھی اپنے تاثرات دوسروں تک پہنچاتے رہے۔ وکرم چندرا نامی انڈین صارف نے طاہر شاہ کی خاص نشانیاں سمجھے جانے والی کچھ چیزوں کے گانے میں نہ ہونے کا شکوہ تک کر ڈالا۔

طاہر شاہ کا گانے کی پیشکش، لیرکس، ویڈیو ڈائریکشن سمیت ساری ہی چیزیں گلوکار کی اپنی تیار کردہ ہیں، انہوں نے خود گانے کے ساتھ جاری کی گئی کریڈٹ لائنز میں اس کی تصدیق بھی کی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ طاہر شاہ اور ان کے گانے نے یوٹیوب، ٹوئٹر اور فیس بک سمیت بلاگنگ اور سوشل میڈیا کی دنیا میں خود کو گفتگو کا مرکز بنایا ہو، اس سے قبل لانچ کیے گئے ان کے گانے بھی ’ٹاک آف دی ٹاؤن‘ بنتے رہے ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: