'آج تو دیپکا کے ہاتھ کے بڑے بڑے پیزے کھاؤں گا‘
اتوار 12 اپریل 2020 10:31
رنویر سنگھ نے اپنے انسٹا سٹوریز میں رات کے کھانے کے لیے پیزے کی تیاری کی ویڈیوز شیئر کیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
بالی وڈ فنکار قرنطینہ کے دوران اپنی دلچسپ سرگرمیاں روزانہ کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں تاکہ ان کے مداحوں کو معلوم ہوسکے کہ وہ کس طرح اپنا وقت گزار رہے ہیں۔
دیپکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ جنہیں بالی وڈ کی سب سے خوبصورت جوڑی کہا جاتا ہے، بھی کورینٹین ٹائم کو کوالٹی ٹائم بنانے کے لیے خود کو مختلف سرگرمیوں میں مصروف کررکھا ہے۔
کبھی دونوں گھر میں خود کو فٹ رکھنے کے لیے ساتھ ورزش کرتے نظر آتے ہیں تو کبھی دیپکا کو کھانا پکاتے اور گھر کے مختلف کام کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ رنویر سنگھ بھی قرنطینہ زندگی پر مزاحیہ تصاویر شیئر کرکے اپنے مداحوں کو محظوظ کرتے رہتے ہیں۔
اس بار بھی بالی وڈ کی اس خوبصورت جوڑی نے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں اور ان کی آپس کی کیمسٹری کو خاصا پسند کیا جارہا ہے۔
اتوار کی صبح رنویر سنگھ نے اپنے انسٹا سٹوریز میں رات کے کھانے کے لیے پیزے کی تیاری کی ویڈیوز شیئر کیں۔
ان تصاویر کے ساتھ انہوں نے دلچسپ کیمپشن دیا کہ 'آج تو میں دیپکا کے ہاتھ کے بڑے بڑے پیزے کھاوں گا۔'
'گلی بوائے' نے پیزے کی تیاری کے تمام مراحل کی تصاویر شیئر کیں جن میں پیزے پر سوس اور چیز لگانے پھر سبزیاں رکھ کر اسے اوون میں بیک ہوتے دکھایا گیا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے دیپکا کے لیے تعریفی کلمات بھی لکھے اور بتایا کہ ' دیپکا ایک ماہر شیف ہیں۔'
اس سے پہلے بھی رنویر سنگھ نے انسٹاگرام اکاونٹ پر اپنی اور دیپکا کے کارٹون کی مزاحیہ تصویر شیئر کی تھی جس میں ان کا پیٹ باہر کو نکلا ہوا ہے اور دیپکا مسکراتی نظر آرہی ہیں۔
اس تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا تھا کہ 'دل کا راستہ پیٹ سے ہو کے جاتا ہے۔'