انڈیا میں پولیس نے لاک ڈاؤن میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کی اپیل پر عمل درآمد کے لیے جیوتی کو مدد کرنے کی درخواست کی تھی۔
جیوتی نے ناگ پور میں لوگوں سے اپیل کی کہ 'وہ گھروں میں رہیں اور ضرورت کے وقت ماسک اور دستانے پہن کر ہی باہر نکلیں۔'
26 سالہ جیوتی نے کہا کہ 'ہمارے پولیس افسران، طبی شعبے سے وابستہ افراد اور فوجی افسران کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے فرنٹ لائن پر ہیں اور میں اپنے طریقے سے ان کے کام میں ان کی مدد کرنا چاہتی ہوں۔'
ان کے بقول 'میں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔'
جیوتی امگے بونے پن کا شکار ہیں اور گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق 'وہ اس وقت دنیا کی سب سے چھوٹے قد والی خاتون ہیں۔'
جیوتی امگے کو 2011 میں دنیا کی سب سے چھوٹی لڑکی کا خطاب دیا گیا تھا، انہوں نے انڈیا اور امریکہ میں ٹی وی شوز میں بھی کام کیا ہے۔
یاد رہے کہ انڈیا میں وزیراعظم نریندر مودی نے 24 مارچ کو 21 روزہ ملک گیر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا اور لوگوں کو صرف اشیائے ضروریہ اور ادویات کی خریداری کے لیے ہی گھر سے باہر نکلنے کی اجازت دی گئی۔
ایک ارب 30 کروڑ آبادی پر مشتمل دنیا کے دوسرے بڑے ملک انڈیا میں اب تک کورونا وائرس کے 9 ہزار 300 مصدقہ کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 324 ہے۔