سعودی عرب میں کورونا متاثرین کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی (فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے اندر مزید 435 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5369 ہو گئی ہے۔
سعودی عرب میں اب تک اس وبائی مرض سے 73 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ ’سعودی عرب میں اب تک کووڈ 19 سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 ہزار 369 تک پہنچ چکی ہے۔
منگل کو وزارت صحت کے ٹوئٹر اکاونٹ پر کورونا وائرس کے حوالے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے اندر کورونا کے ایک سو 14 مریض ریاض میں سامنے آئے جبکہ مکہ میں 111 ، دمام میں 69، مدینہ میں 50، جدہ میں 46، الھفوف میں 16 اور بریدہ میں 10 افراد میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی۔
الظھران میں7، تبوک میں 4، جبکہ حائل ،الخرج، الباحہ، الخبر، صامطہ، بیشہ ابھا اور طائف میں کورونا کا ایک ،ایک کیس سامنے آیا ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے زیر علاج مریضوں میں سے 84 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جس کے بعد اس وبا سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 889 ہوچکی ہے۔'
وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 'لوگوں کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ وقت گھروں میں گزاریں۔ باہر انتہائی اور شدید ضرورت کے علاوہ نہ نکلیں کیونکہ کورونا وائرس باہمی میل جول سے زیادہ پھیلتا ہے۔ نئے کیسز میں بیشتر ایسے ہیں جو لوکل کیرئیرسے متاثر ہوئے ہیں۔