کورونا کی مریضہ بچے کی ولادت کے بعد صحت یاب
غیر ملکی خاتون کا شوہر بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہے(فوٹوسوشل میڈیا)
مدینہ منورہ میں کورونا وائرس میں مبتلا غیرملکی خاتون بچے کی ولادت کے بعد صحت یاب ہو گئی ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق غیر ملکی خاتون کا شوہر بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہے جس کاعلاج جاری ہے۔ خاتون نے بچے کا نام عمر رکھا تھا۔
یہ سعودی عرب کی سطح پر ہونے والی پہلی ولادت تھی جس میں والدین کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ نومولود وائرس سے محفوظ ہیں۔
اردونیوز کو موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق قاری سیف اللہ کا تعلق افغانستان سے ہے وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں مقیم ہیں۔
کرفیو نافد ہونے سے قبل مدینہ منورہ گئے تھے بعدازاں پتہ چلاکہ دونوں میاں بیوی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
افغان خاتون امید سے تھی۔ خدشہ تھا کہ ہونے والا بچہ اس وائرس کا شکار ہو سکتا ہے تاہم ولادت کے بعد بچے کا مکمل ٹیسٹ گیا گیا جو نیگیٹو آیا جس کے بعد زچہ کو قرنطینہ میں پہنچا دیا گیا۔
نومولود کی والدہ کو ہفتہ 18 اپریل کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر کے ہوٹل میں پہنچا دیا گیا ہے جب کہ ان کے شوہر کا ابھی تک علاج جاری ہے۔