گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوگئی تھی-(فوٹو سبق)
سعودی عرب کے متعدد علاقوں طائف، نجران، باحہ، تبوک، جازان اور مدینہ منورہ میں اتوار کو بارش کاسلسلہ جاری رہا- اس سے قبل گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوگئی تھی-
سبق ویب سائٹ کے مطابق نجران ریجن میں موسلا دھار بارش سے ریجن کی وادیاں اور گھاٹیوں میں سیلاب کا منظر نظر آنے لگا- نجران شہر اور بدر الجنوب، یدماۃ، حبونہ اور ثار کمشنریاں جھل تھل ہوگئیں-
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے امکان ظاہر کیا ہے کہ پیر کو مملکت کے بیشتر علاقوں میں شدید بارش ہوگی- ژالہ باری کا بھی قوی امکان ہے۔ بعض مقامات پر سیلاب کا بھی خطرہ ہے-
محکمہ موسمیات نے ٹووٹر پر بیان میں کہا کہ نجران، جازان، عسیر، باحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور الشرقیہ کل بھی بارش کی زد میں ہوں گے-
اتوار کو مشرقی ریجن کے اہم شہر دمام، القطف، الظہران اور الخبر میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوئی- محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس کا سلسلہ رات بھر جاری رہے گا ۔ پیر کو بھی بارش کا قوی امکان ہے-
مقامی شہریوں نے بارش کے مناظر پر مشتمل وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر جاری کیے ہیں-
طائف شہر اور اس کے اطراف بھی اتوار کو کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوئی اور کہیں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا-
کرفیو پر عمل درآمد کے لیے سڑکوں پر تعینات سیکیورٹی اہلکار بارش کے دوران سڑکوں پر ڈیوٹی انجام دیتے رہے- اہل طائف نے بارش کے مناظرسوشل میڈیا پر شیئر کیے ہیں-
ایک اطلاع کے مطابق باحہ ریجن کی کئی کمشنریوں میں بارش کے دوران ٹریفک حادثات دیکھنے میں آئے- بارش کے باوجود الباحہ کے پہاڑی راستے بند نہیں کیے گئے-
ماہرین موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ پیر کو سعودی عرب کے 8 علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی جبکہ دس علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔
بعض مقامات پر درمیانے درجے کی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دیگر مقامات پر موسلا دھار بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیاہے- مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، نجران، ریاض، مشرقی ریجن، حائل اور قصیم میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ پیر کو بارش کا قوی امکان ہے-