Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی ٹوئنٹی: خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کا عزم

وزرائے زراعت کے وڈیو اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں-(فوٹو سبق)
جی ٹوئنٹی ممالک کے وزرائے زراعت  نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اقدامات سے فوڈ سپلائی متاثر نہیں ہونی چاہیے۔
 سعودی عرب کی زیر صدارت جی ٹوئنٹی وزرائے زراعت کے وڈیو اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں-
وزرائے زراعت نے عالمی سطح پر خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے غیرمعمولی اقدامات اور تعاون کے عزم  کا اظہار کیا ہے-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جی 20 کے وزرائے زراعت نےاجلاس کے اختتام پر جاری بیان میں یقین دلایا کہ 26 مارچ  2020 کو نئے کورونا وائرس سے متعلق جی ٹوئنٹی کے قائدین نے دنیا بھر کے لوگوں کو خوراک اور زرعی پیداوار کی مسلسل ترسیل یقینی بنانے کا جو عہد کیا تھا آج اس کا اعادہ کرتے ہیں-
وزرائے زراعت نے اعتراف کیا کہ نئے کورونا وائرس کے خطرات پر قابو پانے کے لیے چیلنج درپیش ہیں-  زرعی کارکنان کی صحت وسلامتی اور ان کی خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی-
اجلاس میں کہا گیا کہ کہ ایسا کوئی اقدام نہیں کیا جائے گا جس سے بین الاقوامی منڈیوں میں خوراک کے نرخ متاثر ہوں- دنیا کے اکثر باشندوں کو کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی کے حوالے سے مشکلات درپیش ہیں- خصوصا غریب معاشروں میں یہ مسئلہ  زیادہ بڑا ہے-
وزرائے زراعت نے  بتایا کہ نئے کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے ہنگامی اقدامات عارضی، شفاف اور متوازن ہوں گے- عالمی خوراک کی ترسیل اور کاروبار میں غیر ضروری رکاوٹیں نہیں ڈالی جائیں گی-
تمام اقدامات ڈبلیو ٹی او کے قوانین سے ہم آہنگ ہوں گے-

اجلاس میں کہا گیا کہ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانےکے لیے مل کر کام کریں گے-(فوٹو: سبق)

وزرائے زراعت نے اطمینان دلایا کہ انسانی مقاصد کے لیے کیے گئے زرعی اور غذائی اشیا کے سودوں پرغیر معمولی ٹیکس نہیں ہوگا- برآمدات پر کوئی پابندی نہیں لگائی  جائے گی-
بیان کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ  معقول نرخوں پر مناسب وقت پر مربوط اور محفوظ طریقے سے مطلوبہ غذا کی فراہمی کو یقینی بنانےکے لیے مل  کر کام کریں گے-
وزرائے زراعت نے تسلیم کیا کہ خوراک کا مسئلہ حل کرنے کے لیے سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان مضبوط تعاون ناگزیر ہے-
اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ عالمی تنظیموں کے ساتھ نئے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل میں تعاون کریں گے۔ ضرورت پڑی تو اس حوالے سے ایک اوراجلاس کریں گے-
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: