Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خام تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں

روس اور سعودی عرب نے تیل کی پیداوار کم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ فوٹو: بشکریہ بلوم برگ
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں ایک بار پھر گری ہیں اور ’برینٹ کروڈ‘ میں آٹھ فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے فی بیرل کی قیمت 18 ڈالر سے کم ہوگئی جبکہ امریکی تیل مارکیٹ میں استحکام کے لیے کشمکش رہی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں جاری لاک ڈاؤن نے بھی تیل کی عالمی منڈی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
امریکی خام تیل کی مارکیٹ تاریخ کی بدترین گراوٹ کا شکار ہو کر منفی میں چلی گئی تھی تاہم منگل کو منڈی میں قدرے استحکام رہا۔

 

برینٹ، جو یورپی تیل مارکیٹ کا بینچ مارک ہے، بدھ کو آٹھ اعشاریہ آٹھ فیصد نیچے آیا اور ایشیا میں خام تیل 17 اعشاریہ چھ تین ڈالر فی بیرل میں ٹریڈ ہوا۔
اے ایف پی کے مطابق برینٹ میں مسلسل گراوٹ ہے جبکہ امریکی بینچ مارک ڈبلیو ٹی آئی میں تین فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان عالمی منڈی میں تیل کے سودے برینٹ بینچ مارک کے تحت کرتا ہے اور ملک میں حزب اختلاف کی جماعتیں حکومت سے تیل کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی درخواست پر روس اور سعودی عرب نے تیل کی پیداوار میں کمی کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت یکم مئی سے تیل کی یومیہ پیداوار کم کی جائے گی تاکہ قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں