کارکنوں کی رہائش میں سماجی فاصلے کے اصول پرعمل نہیں کیا جاتا (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی انجینئرنگ کونسل نے’ کورونا وائرس‘ کے حوالے سے ملک میں غیر ملکی کارکنوں کے رہائشی مراکز کا سروے کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پراپنی خدمات پیش کی ہیں۔
کونسل کی جانب سے تمام رجسٹرڈ انجینئرز اور ٹیکنیشنز کو رضاکارانہ طور پر خدمات پیش کرنے کے لیے کہا گیا ہے تاکہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موجود غیر ملکی کارکنوں کے رہائشی مراکز کا جائزہ لے کر فنی اعتبار سے ان کا سروے مکمل کیا جا سکےـ
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کونسل کے ترجمان انجینئرعبدالناصر کا کہنا تھا کہ ’کونسل میں رجسٹرڈ تمام انجینئرز اور ٹیکینیشنز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موجودہ کورونا وائرس کے حوالے سے درپیش حالات کے پیش نظر رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کریں تاکہ ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں میں رہائش پذیر غیر ملکی کارکنوں کے رہائشی مراکز کا سروے کر کے وہاں امورصحت کی جانب سے مقررہ خدمات کے حوالے سے رپورٹ مرتب کی جا سکے۔'
کونسل کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’رضاکارانہ طور پر خدمات کی فراہمی کا مقصد وزارت صحت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے غیر ملکی کارکنوں کو رہائش کے حوالے سے درپیش مشکلات کا جائزہ لے کررپورٹ مرتب کرنا ہے تاکہ اس کے مطابق کارکنوں کو بہتر رہائشی خدمات مہیا کی جا سکیں۔'
واضح رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 'ملک میں لیبر کیمپوں میں مقیم غیر ملکیوں کی رہائش مناسب نہیں جن کی وجہ سے وہ سماجی فاصلے کے اصول پرعمل نہیں کر سکتے۔
کورونا کی وبا پر قابوپانے کےلیے مملکت کے تمام شہروں میں کرفیو نافذ ہے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ اوقات گھروں میں رہیں۔
اس حوالے سے وزارت صحت نے آگاہی پروگرامز کے تحت مختلف زبانوں میں معلوماتی ہینڈبلز اور موبائل پیغامات کا سلسلہ بھی شروع کیا ہوا ہے تاکہ لوگ اس پر عمل کریں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں