Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ:مارکیٹس میں ڈیجیٹل تھرمل کیمروں کی تنصیب

مارکیٹ آنے والوں کوڈسپوزبل دستانے فراہم کیے جاتے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
بلدیہ جدہ نے ڈیجیٹل سیکیورٹی سروسز کے تعاون سے شہرکی مختلف سپرمارکٹس میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ڈیجیٹل تھرمل کیمروں کی تنصیب کا مرحلہ وار آغاز کردیا ہے۔
ریجنل بلدیہ میں سماجی امور کے ڈائریکٹر’ماجد السلمی ‘ نے سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کو بتایا کہ ’کورونا وائرس کے پھیلاو کوروکنے اور لوگوں کو اس سے محفوظ رکھنے کےلیے جامع منصوبے پر عمل شروع کردیاگیاہے جس کے تحت مرحلہ وار مارکیٹس میں ڈیجیٹل تھرمل کیمروں کی تنصیب کی جارہی ہے‘۔

 درجہ حرارت بڑھا ہونے پر وزارت صحت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے(فوٹو، سوشل میڈیا)

ڈیجیٹل کیمروں کا مقصد مارکیٹ آنے والوں کے جسمانی درجہ حرارت کوریکارڈ کرنا ہے جس سے یہ معلوم ہوسکے گا کہ آنے والوں میں کس شخص کو بخار ہے۔
کمپیوٹرائز تھرمل کیمروں کی تنصیب سے فوری طور پر ان افراد کی نشاندہی کرنے کے بعد انہیں ہجوم سے جدا کردیا جائے گا بعدازاں وزارت صحت میں انکا تفصیلی معائنہ کیاجائے گا۔
بلدیہ کے ذمہ دار کا مزید کہنا تھا کہ مارکیٹوں میں آنے والوں کا درجہ حرارت معلوم کرنے کے کافی فوائد ہیں اس سے مارکیٹوں میں آنے والوں کی اسکریننگ بھی آسان ہوجاتی ہے جبکہ دوسری جانب دیگر افراد بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔ بلدیہ کی جانب سے سپراسٹورز مالکان کو ہدایات کی گئی ہے کہ وہ شاپنگ ٹرالیوں کی سینٹائزنگ کے عمل کو جاری رکھیں۔علاوہ زیں مارکیٹس انتظامیہ کو یہ ہدایات بھی کی گئی ہیں کہ مارکیٹ آنے والوں کے لیے دستانے مہیا کیے جائیں۔
دوسری جانب مارکیٹس انتظامیہ کی جانب سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے دستی تھرما میٹرز کے ذریعے مارکیٹ آنے والوں کا جسمانی درجہ حرارت چیک کیاجاتا ہے،اس ضمن میں ایک معروف سپر اسٹور کے ذمہ دار نے ’اردونیوز‘ کوبتایا کہ بلدیہ کی جانب سے انہیں ہدایات دی گئی ہیں کہ مارکیٹ میں بیک وقت 10 سے زائد افراد نہ جائیں ، لوگ زیادہ ہونے کی صورت میں وہ اسٹور کے باہر انتظار کریں جتنی تعداد میں لوگ اسٹور سے باہر نکلیں اتنے ہی لوگوں کو اندر جانے دیا جائے۔

سپراسٹورز میں ٹرالیوں کی سینیٹائزنگ کا عمل جاری رکھاجائے(فوٹوایس پی اے)

اہلکار نے مزید بتایا کہ ’جسمانی درجہ حرارت ریکارڈ کرنے کے بارے میں بھی بلدیہ نے سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی شخص کا درجہ حرارت 38 ڈگری سے زائد ہوتو اسے اسٹور میں نہ جانے دیا جائے، ایسے افراد جن کا درجہ حرارت زیادہ ہوتا ہے انہیں فوری طور پر وزارت صحت کے متعلقہ شعبے سے رجوع کرنے کا کہا جاتا ہے

شیئر: