کئی ممالک نے چین سے برآمد کیے جانے والے ماسکس اور دیگر حفاظتی طبی سامان کے ناقص ہونے کی شکایت کی ہے۔
مارکیٹ ریگولیشن کی انتظامیہ کی ڈپٹی ڈائریکٹر جین لین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جمعے کو چین کی مارکیٹوں میں نگرانی پر مامور عملے نے 16 ملین کے قریب دکانوں پر چھاپہ مارا اور 89 ملین ماسکس اور حفاظتی سامان میں شامل 418،000 اشیا کو تحویل میں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران 7.6 ملین یوان سے زائد کے غیرمعیاری جراثیم کش ادویات کو بھی ضبط کیا گیا۔
یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ضبط شدہ سامان میں سے کتنا مال بیرون ملک ترسیل کیا جانا تھا۔
چین نے غیرمعیاری سامان کی فروخت پر پابندی کے لیے سنیچر کو نئے قوانین متعارف کرائے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ملکی اور بین الاقوامی معیار سے مطابقت رکھنے والے ماسکس ہی فروخت کیے جائیں۔
چین کی جانب سے قوانین میں سختی کا اعلان مختلف ممالک سے ماسکس اور دیگر حفاظتی سامان کے غیرمعیاری ہونے کی شکایات کے بعد سامنے آیا ہے۔
کینیڈین حکام نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ چین سے منگوائے گئے دس لاکھ ماسک کینیڈا کے اعلیٰ معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سےتقسیم نہیں کیے گئے۔