’ریجنز اور شہروں کے درمیان آمدورفت پر پابندی برقرار‘
اتوار 26 اپریل 2020 16:14
’سوشل میل جول میں 5 افراد سے زیادہ لوگ ایک جگہ جمع نہ ہوں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے مختلف ریجنوں کے درمیان آمد و رفت پر پابندی جاری ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’ریجنوں کے مابین آمد و رفت کے علاوہ ان شہروں کے مابین بھی آمد و رفت پر پابندی جاری ہے جن میں پہلے فیصلے میں پابندی عائد کی گئی تھی‘۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ ’دفاتر میں ڈیوٹی کے لیے حاضری اور مساجد میں نماز جماعت کی معطلی اور اس طرح کے دیگر فیصلے ابھی تک نافذ العمل ہیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’شاہی فرمان میں جن سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے انہی میں نرمی کی جائے گی، باقی تمام فیصلے ویسے ہی ہیں جیسے پہلے تھے یہاں تک کہ ان کے بارے میں کوئی نیا فیصلہ نہیں ہوتا‘۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’سوشل میل جول میں 5 افراد سے زیادہ جمع نہ ہوں، رہائشیوں کو اس حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا‘۔