Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میونسپلٹی نے شاپنگ مالز کھولنے کے ضوابط جاری کردیے

’شاپنگ مال سے خریدا ہوا سامان کسی صورت واپس یا تبدیل نہیں ہوگا‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ میونسپلٹی نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو شاپنگ مالز میں ضوابط کی پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں شاپنگ مالز کو بدھ 6 رمضان المبارک سے 20 رمضان تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’شاپنگ مالز روزانہ صبح 9 بجے سے شام 5 تک کھلے رہیں گے تاہم بابر شاپس، بیوٹی پارلر، جم خانہ، پلے گراؤنڈ، کھیلوں اور جھولوں کے مراکز، سینما گھر، کافی شاپس اور ریستوران بند رہیں گے‘۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’مالز کی انتظامیہ سیکیورٹی اہلکاروں کی مناسب تعداد بھرتی کرنے کی پابند ہے جو ضوابط پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کی ذمہ دار ہوگی‘۔
’شاپنگ مالز میں جگہ جگہ کورونا سے بچنے کے آگاہی بورڈ کی تنصیب ہوگی جن پر شاپنگ کرنے والے لوگ عمل کرنے کے پابند ہوں گے‘۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’شاپنگ مالز کے دروازوں پر اندر آنے والوں کے جسم کا درجہ حرارت دیکھا جائے گا، جس کا بھی ٹمپریچر 38 سے زیادہ ہوگا اسے اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی‘۔
’جس پر بھی کورونا کا شبہ ہو اسے الگ کیا جائے گا اور فوری طور پر وزارت صحت کو اطلاع کردی جائے گی‘۔
’جن دکانوں کے سامنے یا اندر بھیڑ لگنے کے امکانات ہیں وہاں زمین پر ڈیڑھ میٹر کے فاصلے پر نشانات لگائے جائیں گے تاکہ گاہکوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھا جاسکے‘۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’مالز کے داخلے پر، برقی سیڑھیوں کے پاس اور واش روم کے پاس سینیٹائزر اور دستاتے رکھے جائیں گے‘۔
’پارکنگ ایئریا کو ہر وقت صاف رکھا جائے گا، جراثیم کش ادویہ کا بھی مسلسل استعمال ہوگا‘۔
میونسپلٹی نے واضح کیا ہے کہ ’شاپنگ مالز میں معمر افراد اور 15 سال سے کم عمر بچوں کے داخلے پر پابندی ہوگی، تمام کاہگ ماسک پہنے کے پابند ہوں گے‘۔
’ریستورانوں اور کافی شاپس کے سامنے رکھی تمام کرسیاں اٹھالی جائیں گی اور مالز کے دیگر حصوں میں جہاں کہیں بھی بیٹھنے کی جگہ ہو اسے بند کیا جائے گا‘

’کسی بھی دکان کو آفر لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، کیش ڈیلنگ سے اجتباب کیا جائے گا‘ ( فوٹو: الریاض)

’مالز میں نماز کی جگہ بند رکھی جائے گی، کپڑے تبدیل کرنے یا ناپ دیکھنے کے کمرے بند رہیں گے، کوئی بھی خریدا ہوا سامان واپس یا تبدیل نہیں کیا جائے گا‘۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’مالز میں کیش ڈیلنگ کم سے کم رکھی جائے گی، کوشش کی جائے کہ اے ٹی ایم وغیرہ کے ذریعہ ادائیگی کی جائے‘۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’تفتیشی اہلکاروں کو واضح ہدایت ہے کہ جہاں کہیں بھی خلاف ورزی نظر آئے وہاں فوری کارروائی کی جائے گی‘۔
’شاپنگ مالز کی کسی دکان کو آفر لگانے کی اجازت نہیں، گاہکوں کو چاہئے کہ وہ طے شدہ اوقات کی پابندی کے ساتھ شاپنگ مالز سے ایسے وقت میں نکل جائیں کہ پابندی سے پہلے گھر تک آرام سے پہنچ سکیں‘۔

شیئر: