سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ کرفیو میں نرمی کا دارومدار حفاظتی اقدامات کی مکمل پابندی پر ہے.
اخبار 24 کے مطابق الشلھوب نے اتوار کو پریس کانفرنس میں کہا کہ ’اگر سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور اس سے بچاو کے لیے مقرر کردہ حفاظتی اقدامات اور سماجی دوری کے اصول کی مکمل پابندی کی تو ایسی صورت میں مملکت بھر میں حالات بہت جلد معمول پر آجائیں گے‘.
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب میں کرفیو جزوی طور پر اٹھانے کا اعلان
Node ID: 474636 -
ریاض میں تارکین گھروں سے باہر نکل آئے
Node ID: 474811
طلالال شلھوب کے مطابق اتوار سے قبل کرفیو کی بابت جتنے فیصلے جاری کیے گئے وہ سب کے سب اس وقت تک موثر رہیں گے جب تک نئے فیصلے کے ذریعے انہیں معطل نہیں کیا جاتا.
انہوں نےکہا کہ ’کرفیو میں نرمی کا سلسلہ اسی صورت میں برقرار رہے گا جب تک کہ تمام لوگ حفاظتی اقدامات کی پابندی کرتے رہیں گے‘.
.الشلھوب نے مزید کہاکہ ’کرفیو سمیت تمام اوقات میں بھیڑ بھاڑ کی اجازت نہیں. اگر کوئی سعودی شہری یا مقیم غیرملکی کہیں بھی کوئی اجتماع یا تقریب یا بھیڑ بھاڑ دیکھے پہلی فرصت میں (کلنا امن) ایپلی کیشن کے ذریعے اس کی اطلاع دے.
ترجمان کا کہنا تھا کہ تقریب یا اجتماع یا بھیڑ بھاڑ کے حوالے سے کارروائی ہوگی.
یاد رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب بھر میں جزوی طور پر کرفیو اٹھانے کا فرمان جاری کیا ہے جس پرعملدرآمد اتوار (26 اپریل) سے کیا گیا ہے.
شاہی فرمان کے مطابق صبح نو سے شام پانچ بجے تک لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت دی گئی ہے.