اپنے سپنوں کی رانی ہمیشہ سے میں خود ہی تھی: سارہ علی
سارہ علی خان اکثر اپنی پرانی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
بالی وڈ کی اداکارہ سارا علی خان اکثر اپنے مداحوں کے ساتھ اپنی بچپن کی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔ سارہ، جنہوں نے حیرت انگیز طور پر اپنا وزن کم کر کے خود کو اتنا فٹ کر لیا ہے کہ اگر ان کی پرانی تصاویر دیکھی جائیں تو انہیں پہچاننا بھی مشکل ہو جائے۔
اداکار سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان نے پیر کو بھی اپنے بچپن کی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ چاہے ان کی جسامت کیسی بھی ہو، وہ خود سے ہمیشہ سے ہی محبت کرتی ہیں۔
24 سالہ اداکارہ نے ان تصاویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا ہے کہ 'میرے سپنوں کی رانی ہمیشہ میں ہی تھی۔'
ان تصاویر میں سارہ علی انڈیا کے روایتی لباس میں زیورات پہنے نظر آرہی ہیں۔
انسٹاگرام سٹوریز میں انہوں نے پہلی تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا 'بچپن' جبکہ دوسری میں انہوں نے لکھا 'مستی والے خیالات'۔
سارہ علی خان اکثر اپنی پرانی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں جب ان کا وزن کافی زیادہ ہوا کرتا تھا۔
جمعے کو انہوں نے ایسی ہی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ انڈیا کے روایتی لباس میں سجی سنوری نظر آرہی تھیں۔
اس تصویر کے ساتھ انہوں نے اپنی ایک نئی فوٹو پوسٹ کرتے ہوئے دلچسپ کیشپن لکھا تھا کہ 'واقعی کچھ چیزیں کبھی نہیں بدلتیں۔ وہی انداز، وہی تاثرات، وہی سجنا دھجنا۔'