Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عربی رسم الخط کا مرکز ولی عہد کے نام سے موسوم

عربی خطاطی کے مرکز دارالقلم کا نام تبدیل کر کے ’محمد بن سلمان عربی رسم الخط مرکز‘ رکھا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
مدینہ منورہ میں قائم عربی رسم الخط کے مرکز ’دارالقلم‘ کانام سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عربی رسم الخط کے لیے قائم کردہ دارالقلم مرکز کا نام سعودی ولی عہد کے نام سے موسوم کرنے کی تجویز سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔
 تجویز کا مقصد عربی رسم الخط کی ترویج واشاعت، آرٹ اور آرٹسٹوں کی پذیرائی میں ولی عہد کی کوششوں کے اعتراف کا اظہار ہے۔
دارالقلم جس کا نام تبدیل کرکے ’محمد بن سلمان عربی رسم الخط مرکز‘ رکھا گیا ہے، وزارت ثقافت کی زیرنگرانی کام کرے گا اور اسے شاہ عبدالعزیز مرکز کی طرف سے بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔
یہ مرکز عربی زبان کے متنوع رسم الخط کے فروغ کے لیے خطاطوں کو عالمی پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔
شہزادہ محمد بن سلمان عربی رسم الخط مرکز کے تحت مدینہ منورہ میں ایک نمائش بھی قائم کی جائے گی۔

عرب اور مسلمان خطاطوں کے لیے ایک فارم قائم کیا جائے گا ( فوٹو: الخلیج)

 علاوہ ازیں عرب اور مسلمان خطاطوں کے لیے ایک فارم قائم کیا جائے گا جہاں دنیا بھر میں عربی رسم الخط کے حوالے سے ہونے والے کام کو زیادہ منظم اور مربوط انداز میں آگے بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ مدینہ منورہ میں عربی رسم الخط کے فروغ کے لیے دارالقلم مرکز 2013ء میں قائم کیا گیا تھا۔
 کچھ عرصہ قبل اسے سعودی وزارت ثقافت کا حصہ بنا دیا گیا۔ حکومت نے ویژن 2030ء کے تحت اس مرکز کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور عربی رسم الخط کو مختلف اسالیب میں پیش کرنے کے لیے زیادہ بہتر اور موثرا نداز میں آگے بڑھانے کا عزم کیا ہے۔
 

شیئر: