Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ویکسین سال کے آخر تک تیار ہو جائے گی، ٹرمپ

یورپی یونین نے ویکسین کی تیاری کے لیے 7.5 بلین یورو کے فنڈ کی اپیل کی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے ایک لاکھ امریکی ہلاک ہو سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے ویکیسن کے حوالے سے یقین دہانی کروائی کہ امریکی سائنسدان رواں سال کے آخر تک کورونا کی ویکسین تیار کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ امریکہ سال کے آخر تک ویکسین تیار کر لے گا۔ ساتھ ہی ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر انہیں ایسی کسی پیشن گوئی سے منع کریں گے لیکن وہ وہی کہیں گے جو وہ درست سمجھتے ہیں۔
ٹرمپ نے لنکن میموریل میں منعقد ہونے والی ورچوول ٹاؤن ہال میٹنگ کے دوران کورونا پر سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہوگی اگر کوئی اور ملک امریکی محققین کو شکست دیتے ہوئے ویکسین تیار کرنے میں کامیاب ہو جائے۔
ٹاؤن ہال میٹنگ، جسے فاکس نیوز نے براہ راست دکھایا، سے صدر ٹرمب نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کر پرواہ نہیں کہ کونسا ملک پہلے ویکسین  تیار کرنے میں کامیاب ہوتا ہے، وہ صرف ویکسین چاہتے ہیں جو وبا سے نمٹنے میں مؤثر ہو۔
صدر ٹرمپ سے جب ویکسین تیار کرنے کے مراحل کے دوران انسانوں پر کیے جانے والے تجربات کے حوالے سے سوال کیا گیا، تو انہوں نے کہا کہ جن پر ویکسین کا تجربہ کیا جاتا ہے وہ خود کو رضاکارانہ طور پر پیش کرتے ہیں اور وہ خطرات سے بھی باخبر ہوتے ہیں۔
ٹرمپ نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے کہا کہ وہ ستمبر میں سکول اور یونیورسٹیاں کھولنے پر زور دیں گے۔

ویکسین کی تیاری کے لیے درجنوں تجربات جاری ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

جان ہاپکنز کورونا ریسرچ سنٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 450 ہوگئی ہے، جس کے بعد امریکہ میں اب تک 67 ہزار 682 افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
دیگر ممالک کے مقابلے میں امریکہ میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ امریکہ میں ایک لاکھ 80 ہزار افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب یورپی ممالک کے سربراہان ویکسین کی تیاری کے لیے یورپی یونین کی جانب سے 7.5 بلین یورو اکھٹا کرنے کی مہم کی حمایت کر رہے ہیں۔ 
اٹلی، فرانس اور جرمنی کے سربراہان نے اس فنڈ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
یورپی یونین کے مطابق اس فنڈ کے ذریعےسائنسدانوں، صنعتوں، حکومتوں، بین لاقوامی اداروں اور ماہرین صحت کے درمیان بے مثال تعاون کے ساتھ ویکسین کی تیاری کا آغاز کیا جائے گا۔
یورپی یونین نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اس سے زیادہ رقم درکار ہوگی۔

دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 35 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

یورپی ممالک کے سربراہان کا کہنا ہے کہ اگر تمام ممالک کے تعاون کے ساتھ دنیا بھر کے لیے ویکسین تیار کرنے میں کامیاب ہوگئے تو یہ تمام انسانوں کی بھلائی کے لیے کیا جانے والا اکیسویں صدی کا انوکھا منصوبہ ہوگا۔
برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، اٹلی، جاپان، ناروے، سعودی عرب اور یورپی کمیشن 4 جون کو مشترکہ کانفرنس کا انعقاد کر رہے ہیں جس کے تحت ویکسین کی تیاری کے لیے فنڈ کا آغاز کیا جائے گا۔
برطانوی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق وزیر اعظم  بورس جانسن ویکسین کی تحقیق، ٹیسٹ اورعلاج کے لیے 388 ملین پاؤنڈ کا وعدہ کریں گے۔
ویکسین کی تیاری کے لیے درجنوں تجربات کیے جا رہے ہیں، امریکہ کے مطابق وبا سے نمٹنے کا واحد طریقہ ویکسین کی دستیابی ہی ہے۔
دنیا بھر میں اب تک 35 لاکھ 6 ہزار 924 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکہ میں 11 لاکھ 58 ہزار سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں، جو دیگر ممالک کے مقابلے میں سب  سے زیادہ ہے۔ امریکہ کے بعد سپین، اٹلی، برطانیہ، فرانس  اور جرمنی میں متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ 
امریکہ کے بعد اٹلی میں 28 ہزار 844  افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد  28 ہزار 446 ہے۔

شیئر: