بحرین میں دکانیں اور ادارے کھولنے کا اعلان
سنیما گھر، سپورٹس کے مراکز اور سیلون بند رہیں گے.(فوٹو: سوشل میڈیا)
بحرین نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عائد پابندیوں میں جمعرات سے نرمی کا اعلان کیا ہے.
عرب نیوز کے مطابق وزارت صحت کے حکام نے بدھ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ 'بحرین میں دکانیں اور صنعتی و کاروباری ادارے کھولے جائیں گے تاہم ریستوران بند رہیں گے.'
یاد رہے کہ بحرین نے مارچ کے آخر میں غیر ضروری دکانیں اور کاروباری مراکز بند کر دیے گئے تھے اورغیر ملکی وزیٹرز کے داخلے پر پابندی لگا دی تھی.
وزارت صحت کے حکام نے مزید کہا کہ 'جو دکانیں یا ادارے کھولے جا رہے ہیں ملازمین اور صارفین کے لیے لازمی ہے کہ وہ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے کی ہدایت پرعمل کریں.'
حکام کے مطابق 'سنیما گھر، سپورٹس کے مراکزاورسیلون بدستور بند رہیں گے.'
واضح رہے کہ بحرین میں کورونا وائرس سے اب تک آٹھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرین کی کل تعداد تین ہزار 720 ہے.
خلیجی ممالک نے رمضان کے آغاز کےساتھ ہی کرفیواوردیگر پابندیوں میں نرمی کردی تھی.