کورونا وائرس پھیلانے پر امریکہ کی ایرانی ایئرلائن پر کڑی تنقید
کورونا وائرس پھیلانے پر امریکہ کی ایرانی ایئرلائن پر کڑی تنقید
ہفتہ 9 مئی 2020 14:37
حال ہی میں ماہان ایئر کے ذریعے کورونا وائرس پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی وزارتِ خارجہ نے ایران کی ماہان ایئر لائن کو مشرقی وسطی میں کورونا وائرس پھیلانے میں کرادار ادا کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
وزارتِ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگس نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ 'ماہان ایئر لائن جو دہشتگردی اور آمرانہ حکومت کی حمایت کرتی ہے اب مبینہ طور پر ہوائی عملے کے خدشات کو دباتے ہوئے کورونا وائرس پھیلا رہی ہے۔'
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ماہان ایئر کو اپنے ملک سے باہر رکھ کر کورونا وائرس کے خطرات سے بچیں۔
خیال رہے کہ مشرقی وسطی میں ماہان ایئر کے ذریعے کورونا وائرس پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی پابندیوں کی شکار ایران کی ماہان ائیر نے کورونا وائرس سے متاثرہ مسافروں کو عراق اور لبنان تک سفر میں مدد دی جبکہ ایران اور چین کے درمیان پروازوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا، جس سے مشرق وسطیٰ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ 31 جنوری کو تہران کی جانب سے باضابطہ طور پر بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اس کے باوجود ایران کی نجی ایئر لائن ماہان ایئر نے چین اور دیگر علاقوں سے اپنی پراوزیں جاری رکھیں۔
بی بی سی کی تحقیقات کے مطابق ایئر لائن کی جانب سے وضاحت نہیں دی گئی، تاہم تہران کے امام خمینی ایئر پورٹ اور چین کے ہوائی اڈوں کے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ ان پروازوں کا سلسلہ مارچ تک جاری رہا۔
ایک پرواز کے ذریعے 70 ایرانی طلبا کو چین کے شہر ووہان سے چھ فروری کو واپس لایا گیا۔
دوسری جانب ماہان ایئر نے دعویٰ کیا تھا کہ چھ فروری کو طلبہ کے لیے چلائی جانے والی پرواز پہ ہونے والی تنقید کے بعد ایران اور چین کے مابین تمام پروازوں کا سلسلہ روک دیا گیا تھا۔