Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واپس آجاؤ عرفان: دیپکا ماضی کو یاد کرکے جذباتی ہوگئیں

دیپکا پادوکون نے انسٹاگرام پر فلم ’پیکو‘ کی شوٹنگ کے دوران عرفان خان کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو شیئر کی ہے(فوٹو:سوشل میڈیا)
مرنے والے تو چلے جاتے ہیں مگر ان کے جانے کا یقین کر لینا اتنا آسان نہیں ہوتا۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ احساس شدت سے ہوتا ہے کہ جانے والا آپ کا دوست یا رشتے دار اب آپ کے ساتھ نہیں ہے۔
گذشتہ ماہ انڈین لیجنڈری اداکار عرفان خان کینسر سے لڑتے لڑتے ممبئی میں انتقال کر گئے جس کے بعد پوری دنیا  میں ان کے مداحوں نے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔ 
عرفان خان کو دنیا سے رخصت ہوئے لگ بھگ دو ہفتے ہونے والے ہیں مگر نہ صرف ان کے مداح بلکہ ساتھی فنکار اب تک سوشل میڈیا پر ان کی یادیں شیئر کر رہے ہیں۔
بالی ووڈ فلم سٹار اداکارہ دیپکا پادوکون نے بھی عرفان خان کو یاد کرتے ہوئے انسٹاگرام پر فلم ’پیکو‘ کی شوٹنگ کے دوران بنائی گئی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

انسٹاگرام پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’واپس آجاؤ‘ اور ساتھ عرفان خان کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے فلم ’پیکو ‘ کی شوٹنگ کے دوران لی جانے والی ایک تصویر کے علاوہ ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا جس میں فلم کے ہدایت کار شوجیت سرکار اور عرفان خان دونوں موجود ہیں۔
انہوں نے اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے عرفان خان کے لیے فلم ’پیکو‘ کے گانے ’لمحے گُزر گئے‘ کے بول بھی لکھے۔
سوشل میڈیا صارف سی ما چیرا نے لکھا کہ 'ہم اس جوڑی کو دیکھنا مس کریں گے۔'

بہارول اسلام نے لکھا کہ ’عرفان خان کا کوئی متبادل نہیں‘۔

دوسری جانب بالی وڈ کے بگ بی امیتابھ بچن نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر عرفان خان اور سری دیوی کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ 'آج فلم ’خدا گواہ‘ کو 28 جبکہ فلم پیکو کو 5 سال مکمل ہو گئے ہیں۔'

بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی نے سپر ہٹ فلم ’خدا گواہ‘ میں امیتابھ بچن کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ دوسری تصویر فلم ’پیکو‘ کی ہے اور اِس تصویر میں امتیابھ بچن کے ساتھ عرفان خان اور دیپکا پادوکون موجود ہیں۔
امیتابھ بچن نے لکھا کہ ’آج کا دن ان دو لیجنڈز کی یاد میں جو ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔

شیئر: