Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا واپس آنے کے لیے ڈیڑھ لاکھ افراد رجسٹرڈ

انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 74 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریبا ڈھائی ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
انڈیا کی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے تین ہزار 525 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے ساتھ مریضوں کی مجموعی تعداد 74 ہزار 281 ہو گئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں 122 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2415 تک پہنچ گئی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے روزانہ کی بنیاد پر کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور اس کے لیے 347 حکومتی اور 137 پرائیوٹ لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں۔
وزرات صحت کے مطابق صرف مغربی ریاست مہاراشٹر میں مثبت کیسز کی تعداد 24 ہزار 427 ہوگئی ہے جبکہ گجرات میں اب تک آٹھ ہزار 903 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ اس کے بعد تامل ناڈو اور دہلی کا نمبر ہے جہاں بالترتیب آٹھ ہزار 718 اور سات ہزار 639 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارت نے کہا ہے کہ  کورونا سے ہلاکتوں میں بھی مہاراشٹر سب سے آگے ہے جہاں اب تک 921 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے بعد گجرات ہے جہاں 537 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 225 جبکہ مغربی بنگال میں 198 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ انڈیا میں لاک ڈاؤن کا تیسرا فیز جاری ہے جو کہ 17 مئی کو ختم ہو رہا ہے لیکن گذشتہ روز انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی جائے گی۔

جنوبی ایشیا میں انڈیا میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

درین اثنا بہت سی دکانوں کو کھولے جانے کی چھوٹ دی گئی ہے جبکہ دہلی سے 15 مقامات کے لیے راجدھانی ٹرینیں روزانہ کی بنیاد پر چلائی جا رہی ہیں۔ اسی طرح آئندہ ہفتے سے سرکاری فضائی سروس بھی محدود پیمانے پر شروع کرنے کی بات کی جا رہی ہے۔

بیرون ممالک سے انڈیا آنے کے لیے تقریبا ڈیڑھ لاکھ لوگوں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔ پہلی ٹرین جب بدھ کو دہلی پہنچی تو وہاں مسافروں کو سٹیشن سے اپنے اپنے گھروں کو جانے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ دہلی میں لاک ڈاؤن کے سبب بپلک ٹرانسپورٹ بند ہیں۔

شیئر: