ٹیسٹ کروانے والے ایک 40 سالہ شخص نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ ایک اچھی بات ہے۔ یہ اپنی طرف سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا اچھا طریقہ ہے۔‘
کورونا وائرس ووہان میں گذشتہ سال کے آخر میں سامنے آیا تھا جس کی وجہ سے چینی حکومت نے 23 جنوری کو شہر میں سخت لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا۔
لاک ڈاؤن کے نتیجے میں ووہان میں متعدد افراد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے تھے اور شہر کے صنعتی مراکز بند اور ذرائع نقل و حمل ملک کے باقی حصوں سے کٹ کر رہ گئے تھے۔
صدر ٹرمپ کی چین کو دھمکی
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے تعلقات ختم کرنے کی دھمکی دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے چین پر کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے تنقید کرتے ہوئے کہا ’چینی صدر کے ساتھ میرے اچھے تعلقات ہیں۔ لیکن فی الحال میں ان کے ساتھ بات نہیں کرنا چاہتا۔‘
عالمی سطح پر کیسز کی صورتحال
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 43 لاکھ 79 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ 798 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ امریکہ متاثر ہوا ہے جہاں متاثرین کی تعداد 13 لاکھ 98 سے زیادہ ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 84 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق امریکہ کے بعد کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک روس ہے۔
روس میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ 52 ہزار سے زیادہ ہے۔
برطانیہ میں دو لاکھ 34 ہزار، سپین میں دو لاکھ 28 ہزار اوراٹلی میں دو لاکھ 23 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
برازیل میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 96 ہزار، فرانس ایک لاکھ 78 ہزار اور جرمنی میں ایک لاکھ 74 ہزار سے زیادہ ہے۔