عام بازاروں کے کپڑوں کے مقابلے میں ڈیزائنر کے کپڑے زیادہ مہنگے ہوتے ہیں
ایک وقت تھا جب لڑکیاں اپنی امی کے پرانے دوپٹوں سے پورا جوڑا تیار کر لیتی تھیں اور اس پر بمشکل پانچ سو روپے خرچ ہوتے تھے مگر گذشتہ چند برسوں میں برینڈز نے ایسے ایسے جوڑے اور ڈیزائن متعارف کروائے ہیں جن کی مالیت سونے کی انگوٹھی سے کم نہیں ہوتی، اور تو اور کئی دوپٹوں کی قیمت مزدور کی ایک ماہ کی تنخواہ سے زیادہ ہوتی ہے۔
اگر آپ کو یقین نہیں آ رہا تو آپ کی معلومات کے لیے آپ کو ایک ایسے دوپٹے کے بارے میں بتاتے ہیں جس کی قیمت سن کر ممکن ہے آپ کچھ دیر کے لیے سکتے میں آجائیں۔
پاکستان کے ایک مشہور برینڈ نے عید پر لانچ کی جانے والی کولیکشن میں لان اور کاٹن کے دوپٹے بھی پیش کیے ہیں۔ جن کی قیمت 19 ہزار سے لے کر 30 ہزارروپے تک ہے۔
ان میں سادے دوپٹے سے لے کر کڑھائی والے دوپٹے شامل ہیں۔ مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان مشکل حالات میں جب لوگ بیروزگار ہو رہے ہیں اور دو وقت کی روٹی کے لیے ان کو حکومتی امداد پر انحصار کرنا پڑا ہے، کیا کوئی اس قدر مہنگا ایک عام سوٹ یا دوپٹہ خرید سکے گا۔
دوسری جانب اس برینڈ کے اپنی کولیکشن لانچ کرنے کے بعد سے سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہیں ہیں۔ سمیر صدیق نامی ٹوئٹر صارف نے پوچھا کہ 'یہ دوپٹے کیا کرتے ہیں، کیا یہ چلتے یا دوڑتے ہیں؟'
ایک اور ٹوئٹر صارف سعدیہ احمد نے تو یہاں تک پوچھ لیا کہ کیا یہ دوپٹہ ان کا میٹابولیزم بڑھائے گا۔
شایاد زوہیر نامی صارف نے اندازہ لگاتے ہوئے کہا کہ اس کے ساتھ والی زمین بھی ملے گی۔
دوسری جانب چند روز قبل پاکستان میں برطانوی شہزادی کیٹ میڈلٹن کی ڈیزائنر نے ان کی جانب سے پاکستان آمد پر پہنے جانے والے سفید لباس کے ڈیزائن کو عام عوام کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ مگر حیران کن بات یہ ہے کہ شہزادی کے لباس کی قیمت بھی اس دوپٹے سے کم ہے۔
اُردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈیزائنر خدیجہ شاہ نے بتایا تھا کہ اس سفید جوڑے کی قیمت 19 ہزار پانچ سو روپے مقرر کی گئی ہے۔ جو کہ عام سلک کے سوٹ کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
جب خدیجہ سے پوچھا گیا کہ آخر اس سوٹ کے مہنگے ہونے کی کیا وجہ ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ 'اس سوٹ کو خالص سلک سے بنایا گیا ہے۔ جو کہ ایمپورٹڈ ہے اور اس کی قیمت بھی عام سلک سے زیادہ ہے۔'
خدیجہ نے مزید بتایا کہ اس سوٹ پر کڑھائی بھی بہت نفیس طریقے سے کی گئی ہے۔ پھر ایلان برینڈ کی کپڑوں کی سلائی کا اپنا انداز ہے اور ہمیں اس پر 17 فیصد ٹیکس بھی دینا پڑتا ہے تو سب کچھ ملا کر اتنے پیسے بن ہی جاتے ہیں۔'
شہزادی جیسا نظر آنے کے لیے تو اتنے پیسے لگانے کی سمجھ آتی ہے۔ مگر ایک سادے دوپٹے کی قیمت میں جب آپ کو پورا سوٹ مل رہا ہو تو آپ کیا لینا پسند کریں گے؟