Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گلوگارہ کومل رضوی کے ہاتھ میں اب مائیک کی جگہ ہوگا چمچ

گلوکارہ کومل رضوی نے ’کوملز کچن‘ کے نام سے یوٹیوب چینل کا آغاز کیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
رمضان کے مہینے میں اگر افطاری کے دوران روزانہ نئے اور مزے مزے کے پکوان کھانے کو ملیں تو افطاری کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔ خواتین کی کوشش ہوتی ہے کہ ہر روز افطار میں کوئی نئی ڈش تیار کی جائے جس سے گھر والوں کے دل خوش کیے جا سکیں۔ 
لذیذ پکوان بنانے کے لیے زیادہ تر خواتین جہاں ترکیبیں انٹرنیٹ اور کتابوں سے سیکھتی ہیں وہیں کئی ٹی وی کوگنگ شوز کو فالو کرتی ہیں۔
جبکہ دوسری جانب یوٹیوب پر آئے دن بننے والے نئے نئے ’کوگنگ چینلز‘ نے کام مزید آسان کر دیا ہے۔
کسی بھی ڈش کی ترکیب چاہیے ہو تو بس یوٹیوب پر لکھا اور ڈھیروں ویڈیوز آ گئیں، کوئی خاص چینل پسند ہو تو اسے سبکرائب بھی کیا جا سکتا ہے تاکہ مزید آنے والی ویڈیوز بھی ملتی رہیں۔
 آپ کے اردگرد بھی کئی ایسے دوست احباب موجود ہوں گے جنہوں نے قرنطینہ کے دوران یوٹیوب چینل بنایا ہوگا جبکہ دوسری جانب اداکار اور گلوکار بھی شیف بننے میں مصروف نظر آتے ہیں۔
پاکستان کی مشہور و معروف گلوکار کومل رضوی نے بھی یوٹیوب پر اپنے کوکنگ چینل کا آغاز کر دیا ہے۔ کوک سٹوڈیو میں دانے پہ دانا گا کر مداحوں کا دل موہ لینے والی کومل کے ہاتھ میں اب مائیک کی جگہ چمچ نظر آئے گا۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یوٹیوب چینل ’کوملز کچن‘ سے متعلق ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’اگر آپ کو شادیوں میں پیش کیا جانے والا چکن قورمہ بنانا ہو یا ریسٹورنٹ میں ملنے والا شیرمال گھر میں تیار کرنا ہو، یا صرف یہ جاننا چاہتے ہوں کہ میں پکوان کس طرح تیار کرتی ہوں، تو میری ویڈیوز ضرور دیکھیں اور سبسکرائب کرنا مت بھولیں۔‘
جہاں انسٹاگرام یوزرز نے انہیں یوٹیوب پر چینل بنانے پر مبارکباد دی اور ان کے چینل پر پسندیدگی کا اظہار کیا وہیں ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں تھی جنہیں ان سے کچھ شکوے تھے۔
سپنا آرزو نے لکھا کہ ’اب تو سارے اداکار بھی یوٹیوب پر آگئے ہیں لوگ ان کا چینل جلدی شیئر اور لائیک کرتے ہیں اور ہم جیسے لوگوں کو کتنی محنت کرنا پڑ رہی ہے۔‘

محمد اسامہ نے لکھا کہ ’کھانے کی چیزیں تو بہت لذیذ اور مزے دار لگ رہی ہیں میں ضرور چینل سبسکرائب کروں گا۔‘

اس کے علاوہ یوٹیوب پر کھانا بنانے اور سکھانے والے کئی اور چینل بھی موجود ہیں جن سے آپ ہر طرح کی ترکیب سیکھ کر اپنا چینل بھی شروع کر سکتے ہیں اور گھر بیٹھے ان افراد کی طرح پیسا کما سکتے ہیں۔

شیئر: