تینوں کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا.(فوٹو عاجل)
سعودی عرب مں ریاض پولیس نے چوری کی وارداتیں کرنے والے تین سعودیوں کو گرفتار کیا ہے.
ریاض پولیس کے ترجمان شاکر التویجری نے بتایا کہ چوری کی وارداتیں کرنے والے تین سعودی شہریوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا.
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مقامی شہریوں کی گرفتاری متعدد کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کی رپورٹوں پر کی گئی. شکایات درج کرائی جارہی تھیں کہ الیکٹرانک آلات، سازوسامان، عمارتوں اور دفاتر سے بجلی کے کیبل اور میٹرز وغیرہ چوری کیے جارہے ہیں.
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے سراغرسانوں کی مدد سے چوری کی وارداتیں کرنے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں حراست میں لیا ہے.
شاکر التویجری کے مطابق مسروقہ سامان کی قیمت کا تخمینہ دس لاکھ ریال تک کا ہے.
بیان میں مزید کہا گیا کہ نئے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے مقرر حفاظتی اقدامات خصوصا کرفیو کے دوران چوری سمیت مختلف وارداتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی تاہم اکا دکا واقعات ہورہے ہیں.
سیکیورٹی فورس کے اہلکار قانون نافذ کرانے اور غیر قانونی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے مستعدی کا مظاہرہ کررہے ہیں.