خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے حرمین شریفین میں نماز عید ادا کرنے کی منظوری دیدی ہے تاہم نمازیوں کی شرکت معطل رہے گی۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ ’شاہ سلمان نے عید کے شعائر کو قائم کرنے کے لیے حرمین میں نماز ادا کرنے کی منظوری دی ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’حرمین کو وبا سے محفوظ رکھنے اور لوگوں کی سلامتی اور تحفظ کے لیے نماز عید میں عوام الناس کی شرکت معطل رہے گی‘۔
انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت سعودی عوام اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اللہ تعالی کی ذات سے امید ہے کہ جلد ہی یہ وبا ٹل جائے گی اور مسلمان پہلے کی طرح جمعہ اور جماعت ادا کرسکیں گی‘۔