گاڑیوں میں بیٹھے بیٹھے کورونا ٹیسٹ کرلیا جائے گا.(فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت نے جمعے سےایکٹیو کورونا ٹیسٹ مہم کا تیسرا مرحلہ شروع کیا ہے. گاڑی میں بیٹھے افراد کا بھی ٹیسٹ لیا جانے لگا. ایکٹیو کورونا ٹیسٹ مہم کے تیسرے مرحلےکا آغاز مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سے کیا گیا ہے .
آئندہ ہفتے ریاض میں کورونا ٹیسٹ مہم کا تیسرا مرحلہ چلایا جائے گا. اس کے بعد باقی ماندہ علاقوں کا نمبر آئے گا.
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ایکٹیو کورونا ٹیسٹ مہم کے تیسرے مرحلے کے تحت متعدد شہروں میں سپیشلسٹ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں.
یہاں مقامی شہری اور مقیم غیرملکی گاڑیوں سے پہنچیں گے اور گاڑیوں میں بیٹھے بیٹھے کورونا ٹیسٹ کرلیا جائے گا.
علاوہ ازیں ابتدائی طبی نگہداشت کے ہیلتھ سینٹرز میں بھی کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا.
مقامی شہری اور مقیم غیرملکی (صحتی) (میری صحت) آن لائن ایپ کے ذریعے ہیلتھ سینٹرز سے کورونا ٹیسٹ کی بکنگ کراسکتے ہیں.
وزارت صحت نے اطمینان دلایا ہے کہ ایکٹیو کورونا ٹیسٹ کے تیسرے مرحلے کے تحت شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کا کورونا ٹیسٹ کرنے کے لیے رہائشی عمارتوں کا رخ کیا جائے گا اور نہ ہی گھر گھر جاکر کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا. وزارت صحت نے بتایا کہ ایکٹیو کورونا ٹیسٹ مہم کے تیسرے مرحلے کا سب سے بڑا مقصد مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور حفاظتی کارروائی ہے.
وزارت صحت چاہتی ہے کہ تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو صحت و سلامتی میسر رہے.