کورونا سے اموات، برازیل پانچویں نمبر پر آ گیا
عالمی وبا برازیل میں اب تک اپنے عروج پر نہیں پہنچی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
برازیل میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 27 ہزار آٹھ سو 78 ہوگئی، جو یورپی ملک سپین سے بھی زیادہ ہے۔ برازیل کورونا اموات کی سب سے زیادہ تعداد رکھنے والا پانچواں ملک بن گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے برازیل کی وزارتِ صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار ایک سو 24 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
اس کے علاوہ ایک دن میں برازیل میں 24 ہزار نو سو 28 کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد چار لاکھ 65 ہزار ایک سو 66 ہو گئی۔
اب تک کورونا وائرس کی سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکہ میں ہوئی ہیں جس کے بعد برطانیہ، اٹلی اور فرانس بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
جمعے تک سپین میں 28 ہزار 121 اموات ہو چکی ہیں، تاہم ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہونی والی ہلاکتوں میں کمی آ رہی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق خدشہ ہے کہ برازیل میں ہلاکتوں کی تعداد جلد فرانس سے تجاوز کر جائے گی جہاں اب تک 28 ہزار 714 اموات ہو چکی ہیں۔
برازیل میں ہر 10 لاکھ کی آبادی میں سے 131 اموات ہو چکی ہیں۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اس کا اندازہ لگانے کا کوئی طریقہ نہیں کہ برازیل میں یہ وبا اپنے عروج پر کب پہنچے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کیسز مصدقہ تعداد سے 15 گنا زیادہ ہو سکتے ہیں کیونکہ اب تک ملک میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ نہیں شروع ہوئی ہے۔