جدہ میں حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی پر 28 دکانیں بند
’ریٹیل کے شعبے سے وابستہ تمام کاروباری مراکز کے لیے ضوابط جاری کیے گئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی نے حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی پر 28 دکانیں سربمہر کردی ہیں۔ سربمہر کی گئی دکانوں میں بقالے، ریستوران، کیفے ٹیریا اور پرچون شاپس شامل ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بلدیہ کے سیکریٹری انجینئر محمد بن ابراہیم الزہرانی نے بتایا ہے کہ ’سربمہر کی جانے والی دکانوں میں میونسپلٹی کی طرف سے جاری ہونے والے حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کے علاوہ کورونا وائرس کے انسداد کے لیے نافذ العمل ضوابط کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی‘۔
’میونسپلٹی کے تفتیشی اہلکاروں کے دورے شہر کے تمام بازاروں، شاپنگ مالز اور ریٹیل کی دکانوں میں جاری ہیں جن کے نتیجے میں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ دکانوں میں سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’عید کے پہلے روز سے تفتیشی دوروں کی تعداد اور ٹیم میں اضافہ کیا گیا ہے، بلدیہ کے اہلکار جہاں صحت اصولوں اور فروخت ہونے والی اشیا کے معیار کا جائزہ لے رہے ہیں وہاں اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ تمام دکانوں میں وبا کے انسداد کے لیے مقررہ ضابطوں پر عمل کیا جا رہا ہے‘۔
’ریٹیل کے شعبے سے وابستہ تمام کاروباری مراکز کے لیے ضوابط جاری کردئے گیے ہیں جن پر عمل لازمی ہے، ان ضوابط میں ملازمین کو ماسک اور دستانوں کے علاوہ صحت معیار پر پورا اترنے کا پابند بنایا گیا ہے‘۔
’دکان کے کل رقبے کے حساب سے گاہکوں کی تعداد واضح ہے جنہیں اندر آنے کی اجازت ہے، گاہکوں میں سماجی فاصلہ رکھنا دکاندار کی ذمہ داری ہے‘۔