دنیا میں 60 لاکھ متاثرین، یورپی یونین کا تعاون پر زور
برازیل میں کورونا کے متاثرین کی تعداد پانچ لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد دنیا بھر میں 60 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ برازیل میں جہاں وبا تیزی سے پھیل رہی ہے نمٹنے کے لیے اقدامات پر حکام میں اختلافات بڑھ رہے ہیں۔
دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد تین لاکھ 68 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ مستقل بنیادوں پر روکنے کے فیصلے کو عالمی رہنماؤں نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
یورپی یونین کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اب وقت ہے کہ مشترکہ حل کے لیے تعاون بڑھایا جائے اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو عالمی نتائج کے حصول کو کمزور کریں۔‘
واضح رہے کہ امریکی صدر نے ابتدائی طور پر عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ معطل کی تھی تاہم جمعے کو انہوں نے اس کو مستقل طور پر بند کرنے اور ڈبلیو ایچ او سے تعلق ختم کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا۔
امریکہ عالمی ادارہ صحت کو سالانہ ساڑھے چار سو ملین ڈالرز کی امداد دیتا ہے جو دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لاطینی امریکہ کے ملکوں میں گزشتہ ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھے ہیں جبکہ دنیا کے دوسرے خطوں میں لاک ڈاؤن کھولا جا رہا ہے۔
براعظم جنوبی امریکہ کے ملک برازیل میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پانچ لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جو اب دنیا میں امریکہ کے بعد دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق برازیل میں حکومتی رہنماؤں کے درمیان لاک ڈاؤن کرنے کے حوالے سے اختلاف ہیں جس کی وجہ سے وائرس پر قابو پانے کے اقدامات نہیں کیے جا سکے اور اس دوران ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
برازیل کے صدر جیر بولسونارو کا خدشہ ہے کہ لوگوں کو گھروں تک محدود کرنے سے ہونے والے معاشی نقصان کورونا سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔