Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عودہ‘ کے ذریعے 12 ہزار غیر ملکیوں کی واپسی

اب تک 12 ہزار سے زائد غیر ملکی اپنے ملکوں کو جاچکے ہیں(فوٹو، ٹویٹر)
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد بین الاقوامی سفر پر عائد پابندیوں کی وجہ سے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کےلیے شروع کی جانے والی خصوصی سروس ’عودہ ‘ کے تحت گزشتہ 12 دنوں میں ایک لاکھ 78 ہزار 452 افراد نے خود کو رجسٹرکرایا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے محکمہ پاسپورٹ (جوازات) کی جانب سے جاری اعداد وشمار کےحوالے سے کہا ہے کہ عودہ آپشن سے اب تک 12 ہزار798 افراد اپنے ملکوں کوروانہ ہو چکے ہیں جب کہ دیگراپنی باری کے منتظر ہیں۔

کورونا کی وجہ سے سعودی عرب میں بین الاقوامی سفر پر پابندیاں عائد ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

یاد رہے سعودی عرب سمیت دینا کے بیشتر ممالک میں کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی سفر پر مکمل پابندی عائد تھی اس دوران سعودی حِکومت نے اپنے شہریوں کو واپس لانے کےلیے خصوصی پروازوں کا بندوبست کیا۔
مملکت میں رہنےوالے ان غیر ملکیوں کو جو اس دوران اپنے ملک جانے کے خواہشمند ہیں ان کی واپسی کےلیے خصوصی انتظامات کے تحت جوازات نے ’عودہ ‘ کا آپشن فراہم کیا ہے جس کے تحت اپنے ملک جانے کے خواہشمندوں کو رجسٹرکیا جاتا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے ’ابشر‘ اکاونٹ پر ’عودہ ‘ کا خصوصی اپشن فراہم کیا ہے جس میں وہ غیر ملکی جن کے پاس فائنل ایگزٹ یا ری انٹری ویزہ ہے کے علاوہ وزٹ یا دیگر ویزوں پر آنے والوں کو بھی واپسی کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔
جوازات کا کہنا ہے کہ عودہ آپشن کے ذریعے مختلف ممالک کے شہریوں کو رجسٹرکرنے کے بعد ان ممالک کے سفارتخانوں سے رابطہ کیاجاتا ہے تاکہ وہ اپنے شہریوں کو واپسی کے لیے بین الاقوامی سفر کا بندوبست کریں۔

ابشر اکاونٹ پر عودہ کا آپشن فراہم کیا گیا ہے(فوٹو، ٹویٹر)

عودہ آپشن کے ذریعے سفر کرنےوالوں کو اپنا ٹکٹ اس وقت خریدنا ہوگا جب ان کے ملک سے فلائٹ کا بندوبست کردیا جائے۔ واضح رہے جوازات کی جانب سے عودہ آپشن پر اندراج کرانا کا طریقہ انتہائی آسان ہے جس میں سفر کرنے والے کا اقامہ نمبر، تاریخ پیدائش ، موبائل نمبر اور جس شہر سے سفر کرنا اور جہاں جانا ہے کا اندراج کیاجاتا ہے۔

شیئر: