سن بلاک لگانے سے جھریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے (فوٹو: ان سپلیش)
لاک ڈاؤن نے خواتین کو اپنی جلد خوبصورت بنانے کی غرض سے مختلف تجربات کرنے کا نیا موقع فراہم کر دیا ہے۔
جلد کو خوبصورت، جوان اور تر و تازہ رکھنے کے لیے طرح طرح کے لیزر ٹریٹمنٹس موجود ہیں جن سے خواتین اکثر مستفید ہوتی رہتی ہیں، لیکن ان ٹریٹمنٹس کے بعد جلد اتنی حساس ہو جاتی ہے کہ چند دن کے لیے خود کو دھوپ سے بچانا لازمی ہوتا ہے۔
عرب نیوز میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران سماجی فاصلے کی پابندی کرتے ہوئے جلد پر تجربات کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ نہ تو دھوپ میں نکلنے کی ضرورت پڑ رہی ہے، نہ کسی غیر سے ملنے ملانے کی۔
ویسے بھی سرجری یا سخت ٹریٹمنٹس کے اثرات آویزاں ہونے میں چند دن لگتے ہیں۔
لیزر ریسرفسنگ ٹریٹمنٹ خواتین میں بے حد مقبول ہے جس میں لیزر کی شعاؤں کے ذریعے داغ دھبوں اور جھریوں کا خاتمہ کیا جاتا ہے۔
دبئی لندن کلینک سے وابستہ ماہر جلد ریبیکا ٹریسٹن کا کہنا ہے کہ لیزر کے ذریعے جلد کی متاثرہ تہہ کو ہٹا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ بیس برسوں میں لیزر ٹیکنالوجی میں بہت زیادہ ترقی ہوئی ہے اور لیزر ریسرفسنگ خراب جلد کے علاج کا محفوظ طریقہ ہے۔
لیزر ریسرفسنگ خواتین میں بے حد مقبول ٹریٹمنٹ ہے (فوٹو پکسا بے)
ریبیکا ٹریسٹن کا کہنا ہے کہ اکثر لیزر ٹریٹمنٹس میں تکلیف کا احساس بھی نہیں ہوتا۔ انہوں نے کیمیکل پیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے بجائے لیزر کو ترجیح دیتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لیزر ٹیکنالوجی میں فریکشنل بیم استعمال ہوتی ہے جو جلد کے ٹھیک ہونے کے عمل کو تیز کرتی ہے۔
ٹریٹمنٹ کے بعد کی جلد زیادہ ملائم دکھتی ہے اور اس میں قدرتی چمک بھی پیدا ہو جاتی ہے۔
اکثر ماہرین جلد خاطر خواہ نتائج کے لیے لیزر ریسرفسنگ سال میں تین مرتبہ کروانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اس ٹریٹمنٹ کے ایک ہفتے کے بعد تک میک اپ نہیں استعمال کرنا چاہیے اور سن بلاک باقاعدگی سے لگانے کا کہا جاتا ہے۔
اکثر ماہرین کے خیال میں سن بلاک گھر کے اندر رہتے ہوئے بھی استعمال کرنا چاہیے خاص طور پر اگر کھڑکی کے قریب بیٹھے ہیں جہاں سے دھوپ اندر آرہی ہو۔ کہا جاتا ہے کہ سن بلاک لگانے سے جھریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔