چھ دن کنویں میں گزارنے والے برطانوی شہری کو بچا لیا گیا
جیکب نے بتایا کہ ان کے پیچھے ایک کتا پڑ گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈونیشیا کے سیاحتی مقام بالی میں ایک برطانوی شہری پر ایک کتے نے حملہ کیا تو وہ بچنے کی کوشش میں بھاگتے بھاگتے کنویں میں گر گئے جہاں سے انہیں چھ دن کے بعد نکال لیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 29 برس کے جیکب رابرٹ کو چار میٹر گہرے کنکریٹ سے بنے کنویں سے ایک مقامی کسان کی جانب سے بتائے جانے کے بعد نکالا گیا ہے۔
مقامی ریسکیو ادارے کے چیف جیڈ درمادے کے مطابق ’جیکب مدد کے لیے پکار تھے اور ان کی آواز کو ایک مقامی کسان نے سنا جو اپنی گائے کو چارہ کھلانے کے لیے جا رہے تھے۔‘
کنویں میں گرنے سے جیکب کی ٹانگ ٹوٹ چکی ہے اور انہوں نے حکام کو بتایا کہ گاؤں میں ایک کتا ان کے پیچھے پڑ گیا تھا جس سے بچتے بچتے وہ کنویں میں گر گئے تھے۔
برطانوی شہری کو ریسکیو کرنے کے بعد جنوبی کُوٹا کے پولیس چیف نے کہا کہ ’وہ کمزور اور زخمی نظر آ رہے تھے اور انہیں ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔